مٹیاری:ڈپٹی کمشنرکا این ایچ اے کوخط، قومی شاہراہ کی خرابی کی شکایت
مٹیاری (نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے )کے ممبر ساؤتھ زون کراچی کو خط لکھ کر این5 قومی شاہراہ کی خراب صورتحال، ٹول پلازہ اور پیدل پل سے متعلق شکایات سے آگاہ کیا۔
خط میں بتایا گیا کہ مٹیاری شہر، خیبر ٹاؤن، کھنڈو، ہالا سے سعید آباد تک این5 روڈ کے کئی حصے مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جس کے باعث روزانہ حادثات ہورہے ہیں۔خط میں کہا گیا کہ 17 جنوری 2025 کو مٹیاری کے مقامی رہنماؤں اور این ایچ اے حکام کے درمیان ہونے والے مشاورتی اجلاس میں دوسرے ٹول پلازہ، پیدل پل اور تین پہیہ گاڑیوں کے لیے سپورٹڈ برج سے متعلق جو وعدے کیے گئے تھے ، ان پر تاحال عمل درآمد نہیں ہو سکا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خراب سڑکوں کی مرمت، پیدل پلوں اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔