لاہور ، اسلام آباد میں ہلکی بارش آج بھی بادل برسنے کا امکان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) گزشتہ روز لاہور اور اسلام آباد و گردونواح میں ہلکی بارش ہو ئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ،محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد،راولپنڈی ، مری ، آزاد کشمیر ، صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پشاور ، دیر، سوات، مالم جبہ، کوہستان ، باجوڑ، کالام، چترال، بونیر، کوہاٹ، ایبٹ آباد میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ این ڈی ایم اے نے 26 سے 31 مئی تک ملک بھر میں شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق بالائی علاقوں میں بارشوں، درجہ حرارت میں اضافہ اور گلیشیئرز کے پگھلنے کے باعث سیلابی صورتحال، لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں 25 سے 31 مئی کے دوران درجہ حرارت معمول سے 6 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے ۔ اندرونِ سندھ کے کئی اضلاع میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے ۔