ثاقب چدھڑ کیخلاف مقدمہ ،مومنہ اقبال کی درخواست جمع

ثاقب چدھڑ کیخلاف مقدمہ ،مومنہ اقبال کی درخواست جمع

اداکارہ نے وکلا کے ہمراہ تھانہ چوہنگ جاکردرخواست دی ،کاپی سامنے آ گئی دھمکیوں اور ہراسانی کے الزامات،تحقیقات کے بعد کارروائی ہوگی :پولیس

لاہور (دنیا نیوز)اداکارہ مومنہ اقبال اور مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے درمیان قانونی تنازع شدت اختیار کر گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق اداکارہ مومنہ اقبال نے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے خلاف تھانہ چوہنگ میں مقدمہ درج کرنے کیلئے باقاعدہ درخواست جمع کرا دی ہے ، جس کی کاپی بھی سامنے آ گئی ہے ۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اداکارہ اس سے قبل نیشنل سائبر کرائم ایجنسی میں بھی شکایت درج کرا چکی ہیں۔ مؤقف کے مطابق انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں، ہراساں کیا گیا اور بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ثاقب چدھڑ نے 2022 میں شادی کی پیشکش کی تھی تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ وہ پہلے سے دو شادیاں کر چکے ہیں۔ اداکارہ کے مطابق تعلق ختم کرنے کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی۔الزامات کے مطابق ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کی جانب سے مسلسل دھمکیاں دی جاتی رہیں جبکہ مختلف مواقع پر ہراسانی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ شادی طے ہونے کے بعد مبینہ طور پر اے آئی سے تیار کردہ تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے واٹس ایپ پر بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی۔درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اداکارہ کی بہن اور منگیتر کو بھی دھمکیاں دی گئیں۔مومنہ اقبال اپنے وکلاء کے ہمراہ تھانہ چوہنگ پہنچیں اور تحریری درخواست جمع کروائی۔پولیس حکام کے مطابق درخواست موصول ہونے کے بعد قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ تحقیقات کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں