انمول پنکی اور ساتھیوں کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنیکا فیصلہ

انمول پنکی اور ساتھیوں کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنیکا فیصلہ

تمام ڈیجیٹل والٹس بھی بلاک کریں ،ڈی آئی جی کا ایف آئی اے کو ایک اور خط

 کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پولیس نے منشیات کیس میں گرفتار انمول پنکی اور اس کے ساتھیوں کے بینک اکاؤنٹس منجمد اور تمام ڈیجیٹل والٹس کو بلاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کراچی سے گرفتار ہونے والی منشیات فروش انمول پنکی کے کیس میں سنسنی خیز پیشرفت سامنے آئی ہے ۔ ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے ) کو ایک اور باضابطہ خط لکھ دیا۔ڈی آئی جی کے خط میں کہا گیا ہے ملزمہ انمول عرف پنکی، اس کے مرکزی ہینڈلرز اور شہر بھر میں منشیات سپلائی کرنے والے رائیڈرز کے تمام بینک اکاؤنٹس کو فوری طور پر منجمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔خط میں خصوصی طور پر تاکید کی گئی ہے روایتی بینک اکاؤنٹس کے ساتھ ساتھ ملزموں کے تمام ڈیجیٹل والٹس کو بھی بلاک کیا جائے ۔خط میں انکشاف کیا گیا ہے ان تمام اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل والٹس کو منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی کمائی کو چھپانے اور منتقل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔حکام کا کہنا ہے ملزمہ انمول پنکی محض منشیات فروشی ہی نہیں بلکہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور قتل جیسے سنگین مقدمات میں بھی گرفتار ہے اور اس کے پورے نیٹ ورک کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں