عظمیٰ کو کے پی کاعوامی مینڈیٹ ہضم نہیں ہورہا:شفیع جان
پنجاب میں اربوں روپے کے سکینڈلز، سرکاری وسائل کے استعمال کا جواب دیں عوام باشعور ،ن لیگ کی سیاسی شعبدہ بازیاں پہچانتے ہیں :وزیراطلاعات کے پی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہاہے کہ پختونخوا حکومت پر بے بنیاد الزامات اور جھوٹا پروپیگنڈا پنجاب میں اربوں روپے کی کرپشن چھپانے کی ناکام کوشش ہے ۔انہوں نے وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہاکہ عظمیٰ بخاری الزامات لگانے کی بجائے پنجاب میں اربوں روپے کے سکینڈلز، اقربا پروری اور سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال کا جواب دیں۔ فیصل آباد کے صاف ستھرا پروگرام میں ایک ارب کی کرپشن پر عظمیٰ بخاری خاموش کیوں ہیں؟ ،عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے محلات بنانے والے آج کرپشن پر لیکچر دے کر عوام کو دھوکہ دینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔عظمیٰ بخاری کو پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کو ملنے والا مینڈیٹ ہضم نہیں ہو رہا۔ وہ جان لیں کہ الزامات اور پروپیگنڈے سے حقیقت نہیں بدلی جا سکتی۔ عوام باشعور ہیں اور مسلم لیگ ن کی سیاسی شعبدہ بازیاں اچھی طرح پہچانتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بدعنوانی کیخلاف عدم برداشت کی پالیسی اپنائی ہے ، پختونخوا حکومت شفافیت اور عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے جبکہ پنجاب میں مریم نواز کی ذاتی تشہیر کیلئے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے ۔ پنجاب میں آمرانہ طرز حکمرانی اختیار کرنے والے آخر کس بنیاد پر فاشزم کی بات کرتے ہیں؟۔