اضافی ٹیکسز واپس ، لاک ڈاؤن مستقل ختم کریں، انجمن تاجران
آئی ایم ایف کے ملازم کے بجائے وزیر خزانہ کسی لوکل رکن قومی اسمبلی کو بنایا جائے پٹرول سستا کریں، تاجر دوست بجٹ بنائیں :اجمل بلوچ ، تاجروں کیساتھ پریس کانفرنس
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اجمل بلوچ نے مطالبہ کیا ہے کہ بجٹ میں تاجر دوست پالیسیاں متعارف کرانا ناگزیر ہے ، تاجروں کیلئے ایف بی آر کے نظام کو آسان بنایا جائے اور ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے ، چھوٹے تاجروں پر عائد اضافی ٹیکسز واپس لیے جائیں، لاک ڈاؤن کو مستقل بنیاد پر ختم کیا جائے ، جب مہنگی بجلی خریدتے ہیں تو پھر دکانیں بند کروانے کی کیا تک ہے ،ایف بی آر کے افسران کے اثاثے چیک کئے جائیں، پٹرول کی قیمتیں کم کی جائیں،آئی ایم ایف کے ملازم کے بجائے وفاقی وزیر خزانہ کسی لوکل رکن قومی اسمبلی کو بنایا جائے جو قوم کو جوابدہ ہو۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار صدر پنجاب شاہد غفور پراچہ، تنظیم کے سیکرٹری اطلاعات خالد چودھری ،راجہ زاہد ، انجمن تاجران بلوچستان کے چیئرمین عمران ترین ، احمد خان، وسیم عباسی، عجب گل و دیگر کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ جتنی مشکلات تاجر نے موجودہ عرصہ میں برداشت کی ہیں پچھلے ساٹھ سالوں میں نہیں کیں ۔آئندہ وفاقی بجٹ میں تاجروں، چھوٹے کاروباروں اور صنعتوں کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جانا چاہیے ۔ اگر بجٹ میں تاجروں کے مطالبات کو نظرانداز کیا گیا تو ملک گیر احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے ۔