ریٹائرڈ افسر کی پنشنری مراعات وزیراعلیٰ کو 3 ماہ میں ترقی کا نوٹیفکیشن جاری کرنیکی ہدایت

ریٹائرڈ افسر کی پنشنری مراعات  وزیراعلیٰ کو 3 ماہ میں ترقی کا نوٹیفکیشن جاری کرنیکی ہدایت

کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے محکمہ بلدیات کے ریٹائرڈ افسر کی پروفارما ترقی اور پنشنری مراعات سے متعلق توہین عدالت کی درخواست نمٹاتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کو 3 ماہ میں ترقی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عملدرآمد رپورٹ جمع کرائی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ ہائی کورٹ کے 31 اکتوبر 2025 کے حکم کی روشنی میں چیف سیکریٹری سندھ کے دفتر میں اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں درخواست گزار کو ریٹائرمنٹ کی تاریخ 31 اکتوبر 2023 سے پروفارما ترقی دینے اور اس کے نتیجے میں تمام پنشنری فوائد دینے کے معاملے پر غور کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈی نیشن ڈپارٹمنٹ کے سیکشن آفیسر کی جانب سے 7 اپریل 2026 کو جاری مراسلے کے بعد معاملہ سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ کے سامنے رکھا گیا، جہاں غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ درخواست گزار کو صرف پنشنری فوائد کے لیے گریڈ 20 میں ریٹائر تصور کیا جائے ، تاہم اس کے لیے مجاز اتھارٹی کی منظوری ضروری ہوگی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا سندھ سول سرونٹس سروس رولز 2020 کے رول 8 کے تحت ایسے معاملات میں وزیراعلیٰ سندھ مجاز اتھارٹی ہیں، لہٰذا معاملہ منظوری کے لیے وزیراعلیٰ سندھ کو بھجوا دیا گیا ہے ۔ عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے ہدایت کی کہ مجاز اتھارٹی یعنی وزیراعلیٰ سندھ تین ماہ کے اندر درخواست گزار کی پروفارما ترقی کا نوٹیفکیشن جاری کریں اور اس سے متعلق رپورٹ ایم آئی ٹی ٹو کے ذریعے عدالت میں جمع کرائی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں