پاکستان میں ایبولا وائرس کا خطرہ انتہائی کم :وزارت صحت

 پاکستان میں ایبولا وائرس کا خطرہ انتہائی کم :وزارت صحت

افریقی ممالک جانیوالے شہری متعلقہ ملک کی سفری و طبی ہدایات ضرور دیکھیں عالمی ادارئہ صحت کی احتیاط کی ہدایت،سفری پابندیوں کی سفارش نہیں کی:ترجمان

اسلام آباد(دنیا نیوز)وزارت صحت نے وضاحت کی ہے کہ پاکستان میں ایبولا وائرس کے حوالے سے خطرات انتہائی کم ہیں۔ترجمان وزارت صحت نے کہا ہے کہ عالمی ادارئہ صحت نے کانگو اور یوگنڈا میں حالیہ ایبولا وبا کی صورتحال کو عالمی ہنگامی صورتحال قرار دیا ہے اور ایبولا وائرس کا موجودہ پھیلاؤ صرف افریقی ممالک کانگو اور یوگنڈا تک محدود ہے ، بیان کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے واضح کیا ہے کہ افریقا سے باہر کسی اور ملک میں ایبولا وائرس کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا، اسی طرح پاکستان یا ہمسایہ ممالک میں بھی کبھی ایبولا کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق عالمی ادارئہ صحت نے احتیاطی نگرانی بڑھانے کی ہدایت دی ہے تاہم کسی قسم کی سفری پابندیوں کی سفارش نہیں کی گئی،انہوں نے کہا کہ وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے وائرس کے حالیہ پھیلاؤ کے پیش نظر ملک میں پیشگی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عوام کو وباؤں سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے جبکہ وزارت صحت اور این آئی ایچ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں،ترجمان نے کہا کہ وزیر صحت کی ہدایت کے مطابق ایبولا سے بچاؤ کے لیے ملک بھر کے ائیرپورٹس پر نگرانی مزید مؤثر بنا دی گئی ہے ،وزارت صحت نے افریقی ممالک کا سفر کرنے والے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ روانگی سے قبل متعلقہ ملک کی سفری اور طبی ہدایات ضرور دیکھیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں