این ڈی ایم ایس اور پورٹ قاسم میں ڈریجنگ معاہدہ طے پا گیا

این ڈی ایم ایس اور پورٹ قاسم میں ڈریجنگ معاہدہ طے پا گیا

این ڈی ایم ایس پورٹ قاسم ڈریجنگ کریگی، زرمبادلہ کی بڑی بچت ممکن ہوگی بڑے جہازوں کی آمدورفت اور پورٹ قاسم استعدادِ کار میں اضافہ ہوگا،جنید انوار

 اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)نیشنل ڈریجنگ اینڈ میرین سروسز (این ڈی ایم ایس) اور پورٹ قاسم کے درمیان ڈریجنگ معاہدہ طے پا گیا۔ منصوبے کو پاکستان کی بحری معیشت اور پورٹ انفراسٹرکچر کی ترقی میں اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے ۔وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چودھری نے این ایل سی ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ تقریب میں پورٹ قاسم، کراچی پورٹ، گوادر پورٹ کے اعلیٰ حکام اور این ڈی ایم ایس بورڈ اراکین بھی شریک ہوئے ۔معاہدے کے تحت این ڈی ایم ایس پورٹ قاسم کی ڈریجنگ انجام دے گی جس سے غیر ملکی کمپنیوں پر انحصار کم ہوگا اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت ممکن بنائی جا سکے گی۔ حکام کے مطابق ڈریجنگ منصوبہ پورٹ قاسم کی توسیع، بحری گزرگاہوں کی بہتری اور بڑے بحری جہازوں کی آمدورفت یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔وفاقی وزیر جنید انوار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی ڈریجنگ کمپنی کا قیام پاکستان کیلئے باعثِ فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈریجنگ منصوبہ علاقائی اور بین الاقوامی تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ منصوبے سے پورٹ قاسم کی استعدادِ کار میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں