حیدر آباد:ملازمت پیشہ خواتین میں مفت پنک سکوٹیز تقسیم

حیدر آباد:ملازمت پیشہ خواتین میں مفت پنک سکوٹیز تقسیم

صوبائی وزیر شرجیل میمن نے سکوٹیز کی چابیاں 200 خواتین کے حوالے کیں سکوٹیز تقسیم میں سیاسی وابستگی، جماعت یا لسانی شناخت مدنظر نہیں رکھی گئی، خطاب

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)حکومتِ سندھ کے زیرِ اہتمام حیدرآباد میں طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین میں مفت پنک سکوٹیز کی تقسیم کی پروقار تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں مجموعی طور پر 200 خواتین کو مفت پنک الیکٹرک سکوٹیز کی چابیاں فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے خود خواتین میں سکوٹیز تقسیم کیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومتِ سندھ حیدرآباد میں خواتین کو بلا معاوضہ پنک اسکوٹیز فراہم کر رہی ہے اور یہ سہولت خاص طور پر طالبات، ملازمت پیشہ اور کاروبار سے وابستہ خواتین  کے لیے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان سکوٹیز کی تقسیم میں کسی سیاسی وابستگی، جماعت یا لسانی شناخت کو مدنظر نہیں رکھا جا رہا اور نہ ہی کسی سے ووٹ کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ، کیونکہ ووٹ دینا ہر شہری کا بنیادی اور جمہوری حق ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور خصوصاً سندھ وہ واحد خطہ ہے جہاں خواتین کو اس نوعیت کی مفت الیکٹرک سکوٹی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں آٹزم کے لیے دس سے زائد مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور وفاقی حکومت نے بھی اس حوالے سے سندھ سے معاونت طلب کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تھر کے کوئلے کو قابلِ استعمال بنانے کے لیے سندھ حکومت ایک ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کر چکی ہے اور ماہرین کے مطابق سستی ترین بجلی کی پیداوار کا سب سے مو ثر ذریعہ کوئلہ ہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی و نجی شراکت داری کے تحت شاہراہِ بھٹو جیسے اہم منصوبے مکمل کیے گئے ہیں جنہیں ملکی و بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا ہے ۔ تقریب سے ایم پی اے امداد پتافی، ایم پی اے صائمہ آغا، سابق ایم پی اے زاہد بھرگڑی، ڈپٹی میئر صغیر قریشی اور وسیم راجپوت نے بھی خطاب کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں