اتحاد اور برداشت سے ہی ملک ترقی کریگا : چودھری شجاعت
مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت کا کردار قابلِ تحسین علما کرام، مشائخ عظام اور پارٹی رہنماؤں کی چودھری شجاعت سے رہائشگا ہ پرملاقات
لاہور (سیاسی نمائندہ)مسلم لیگ (ق ) کے صدرچودھری شجاعت سے علما ، مشائخ عظام اور پارٹی رہنماؤں نے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وزیر اوقاف چودھری شافع حسین بھی موجود تھے ۔چودھری شجاعت کاکہناتھاکہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام طبقات کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا، اتحاد، برداشت اور قومی یکجہتی ہی پاکستان کو سیاسی و معاشی طور پر مضبوط بنا سکتی ہے ۔علما اور مشائخ پرامن معاشرے کے قیام اور بھائی چارے کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کریں۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور عاصم منیر کی مشرق وسطیٰ اور عالمی امن کیلئے کوششوں کو بھی سراہا۔ملاقات میں سیاسی صورتحال، امن و امان اور قومی یکجہتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ علما اور پارٹی رہنماؤں نے چودھری شجاعت کی سیاسی و قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے انہیں مدبر اور بردبار سیاست دان قرار دیا۔مفتی عثمان افضل قادری نے کہا چودھری شجاعت نے ہمیشہ جمہوریت، قومی استحکام اور رواداری کی سیاست کو فروغ دیا۔ چودھری شافع حسین نے محکمہ اوقاف میں جاری اصلاحات، مزارات و مساجد کی تزئین و آرائش اور زمینوں سے ناجائز قبضے ختم کرنے کیلئے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔