ماہ مقدس رخصت ہونے کو ہے

تحریر : صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی


جمعتہ المبارک کی عظمت و رفعت محتاجِ بیان نہیں جو قدر و منزلت اسے عطا ہوئی ہے کسی اور دن کو وہ نصیب نہیں

ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو جمعتہ الوداع کہتے ہیں الوداع کے لغوی معنی رخصت کرنے کے ہیں۔ جمعتہ الوداع اسلامی شان و شوکت کا عظیم اجتماع عام ہے اور یہ اپنے اندر بے پناہ روحانی نورانی کیفیتیں رکھتا ہے۔ یہ جمعہ اس لحاظ سے بھی بڑی اہمیت کا حامل ہے کہ اب ان ایام گنتی کے وداع ہونے کا وقت قریب آگیا ہے جس میں مسلمانوں کیلئے عبادات کا ثواب کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے آج اس ماہ منور کا آخری جمعہ ہے جو ہمیں اس ماہ مقدس سے جد اکر رہا ہے جس نے ہمیں ہر گھڑی اللہ کی عطا کردہ بے شمار رحمتوں ،نعمتوں سے ہر لمحہ نوازا اب چونکہ یہ ماہ مقدس ہم سے رخصت ہونے کو ہے اور یہ اس کا آخری جمعہ ہے تو اس کو ہم یوں بھی جمعتہ الوداع کہتے ہیں۔ رمضان کے اس جمعہ کا ثواب بھی بہت زیادہ ہے یہی وجہ ہے کہ پورے عالم اسلام کے مسلمان جمعتہ الوداع کو بڑے ذوق عبادت میں پورے اہتمام کے ساتھ ادا کرتے ہیں ساتھ ساتھ ان کا دل بوجھل اور غمگین بھی ہوتا ہے کہ نہ جانے اگلے سال کس کے مقدر میں پھر یہ مبارک لمحات آئیں نہ آئیں۔ جمعتہ المبارک کی عظمت و رفعت محتاج بیان نہیں جو قدر و منزلت اسے عطا ہوئی ہے کسی اور دن کو وہ نصیب نہیں ہوئی۔ حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ اللہ کے پیارے نبی پاکﷺ نے فرمایا’’ سب سے بہتر دن جس پر سورج طلوع ہو جمعہ کا دن ہے اس میں حضرت آدم ؑ کی ولادت ہوئی اسی دن حضرت آدم ؑ جنت میں داخل ہوئے اس میں باہر آنے کا حکم ہوا اور یہی وہ دن ہے جس میں قیامت قائم ہو گی۔‘‘ زمانۂ جاہلیت میں جمعہ کو عروبہ کہا جاتا تھا حضور اکرم ﷺ کی بعثت سے 560 برس قبل جناب کعب بن لوئی نے اس دن کانام جمعہ رکھا کہ اس زمانے میں قریش ایک مقام پر جمع ہوتے اور کعب خطبہ دیا کرتے اکثر جناب کعب آسمانی کتابوں کے حوالے سے نبی آخر الزماں ﷺ کے تشریف لانے اور آپؐ کی خوبیوں اور محاسن کابیان کرتے تھے۔ وہ لوگوں کو وعظ و نصیحت کرتے تھے کہ اپنی نسل کو وصیت کرتے رہنا کہ تم میں جو بھی اس نبی آخر الزماں ﷺ کا زمانہ پائے وہ ان پر ایمان لے آئے۔ 

 حضرت ابو ہریرہؓ  ہی سے ایک اورروایت ہے کہ نبی کریم ﷺ سے پوچھا گیا کہ اس کانام جمعہ کیوں رکھا گیا ؟تو آپ ﷺ نے فرمایا’’ اس لئے کہ اس میں تمہارے باپ حضرت آدم ؑ کی مٹی خمیر کی گئی اور اسی دن صور پھونکا جائے گا اور دوبارہ اٹھایا جائے گا اور اسی دن گرفت ہوگی اور اسی دن جمعہ کی آخری 3 ساعتوں میں ایک ساعت ایسی ہے کہ اس میں اللہ سے جو دعا مانگے وہ قبول فرمائے گا۔‘‘ جمعتہ المبارک کے دن کی فضیلت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ قرآن کریم میں دوسرے دنوں کے مقابلے میں بطور خاص اس کا ذکر کیا گیا ہے اور جب نماز جمعہ کیلئے بلایا جائے تو جمعہ کے دن اللہ کے ذکر کی طرف فوراً تیار ہو کر جانے کا حکم دیا گیا ہے چنانچہ ارشاد ہوتا ہے ، ترجمہ ’’اے ایمان والو!جب جمعہ کے دن (نماز جمعہ)کیلئے اذان دی جائے تو فورا ًتیاری کرو اللہ کے ذکر کی طرف اور خرید و فروخت چھوڑ دو یہ تمہارے لئے بہت اچھا ہے اگر تم جانتے  ہو ۔‘‘ حضرت ابو لبابہ بن عبد المنذرؓ سے روایت ہے کہ آقائے دوجہاں ﷺ نے فرمایا ’’بے شک جمعہ کا دن سید الایام اور اللہ تعالیٰ کے نزدیک بڑی عظمت والا ہے وہ اللہ کے نزدیک یوم الاضحی اور یوم الفطر سے زیادہ عظمت والا ہے اس میں5 خصوصیات ہیں اس میں اللہ نے آدم ؑ کو پیدا فرمایا اسی دن میں اللہ نے ان کو زمین پر اتارا اور اسی دن ان کاوصال ہوا اور اس میں ایک ایسی ساعت آتی ہے جس میں بندہ اللہ سے جو چیز بھی مانگتا ہے وہ اسے عطا کرتا ہے جبکہ وہ کسی حرام چیز کا سوال نہ کرے اور اسی دن میں قیامت قائم ہوگی نہیں کوئی مقرب فرشتہ نہ آسمان نہ زمین اور نہ ہوا نہ پہاڑ اور نہ دریا مگر وہ جمعہ کے دن سے لرزتے ہیں یہ سب چیزیں قیامت کے اچانک آجانے سے خوفزدہ رہتی ہیں ۔‘‘حضرت انس ؓ کا بیان ہے کہ سرکار دو عالم ﷺ نے فرمایا’’ اس گھڑی کو تلاش کرو جس کی امید جمعہ کے دن سے ہوتی ہے وہ عصر کی نماز کے بعد سے غروب آفتاب کے درمیان ہے ۔‘‘حضرت جابرؓ سے روایت ہے کہ اللہ کے نبی پاک ﷺ نے فرمایا’’ رمضان کے جمعہ کی فضیلت ایسے ہے جیسے خود ماہ رمضان کی باقی تمام مہینوں پر فضیلت ہے۔‘‘

 حضرت ابن عباسؓ کابیان ہے نبی پاک ﷺ نے فرمایا ’’جمعہ مساکین کا حج ہے ۔‘‘یعنی مسکین و نادار لوگ جو حج کی  استطاعت نہیں رکھتے اور نہ ہی بظاہر کوئی امید ہے وہ مایوس نہ ہوں ان کا جمعہ کیلئے جانا اور اس کو ادا کرنا ایسا ہے گویا انہوں نے حج کیا ہے۔ ایک اور روایت ہے کہ جمعہ فقراء کا حج ہے۔ حضرت ابو قتادہؓ سے روایت ہے کہ جمعہ کے سوا جہنم کی آگ ( روز)بھڑکائی جاتی ہے اس دن صدقہ خیرات کا ثواب بھی دگنا ملتا ہے۔ حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا’’ بے شک اللہ تعالیٰ کسی مسلمان کو جمعہ کے دن نہیں چھوڑتا مگر اس کی مغفرت فرمادیتا ہے اور جمعہ مسلمانوں کی عید کا دن ہے ۔‘‘ سرکار دو عالم ﷺ نے فرمایا  ’’جمعہ کی رات روشن رات ہے اور جمعہ کا دن روشن سفید دن ہے۔‘‘ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا ’’ جب جمعہ سلامتی سے گزرے تو باقی ایام بھی سلامتی سے گزریں گے اور جب ماہ رمضان سلامتی سے گزرا تو پورا سال سلامتی سے گزرے گا۔‘‘ حضرت جابرؓ سے روایت ہے کہ نبی پاکﷺ نے فرمایا ’’جو مسلمان جمعہ کے دن یا جمعہ کی رات کو فوت ہوتا ہے وہ عذاب قبر سے محفوظ رہتا ہے وہ قیامت کے دن اس حال میں آئے گا کہ اس پر شہیدوں کی مہر لگی ہو گی ۔‘‘ جمعۃالوداع کو یوم القدس کے طور پر بھی منایا جا تا ہے کیونکہ اس روز ہم فلسطین کی آزادی اور فلسطینی بھائیوں کیلئے خصوصی دعائیں فرماتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ ہمیں زندگی میں ہزار بار جمعتہ الوداع اورلیلتہ القدر کی مبارک سعادتیں عطا فرما کر ہم سب کو معاف فرما دے۔ آمین  

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement

حکومتی اعتماد میں اضافے کے دلائل

21 اپریل کے ضمنی انتخابات کے بعد حکومت کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ 8 فروری کے انتخابات کے بعد جب مسلم لیگ (ن) اور اس کے اتحادیوں کی حکومت قائم ہو ئی تو شہباز شریف کو ووٹ دینے والوں کو شبہ تھا کہ یہ حکومت زیادہ عرصہ نہیں چل پائے گی کیونکہ مشکل فیصلے کرنے ہوں گے ، معیشت سنبھالنا انتہائی کٹھن ہو گا، بانی پی ٹی آئی کی مقبولیت حکومت کیلئے مسلسل درد سر رہے گی، یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا ووٹ تو دیا مگر اہم ترین اتحادی جماعت وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں بنی۔

ضمنی انتخابات کا معرکہ(ن) لیگ نے سر کر لیا

ضمنی انتخابات کے حوالے سے عمومی رائے یہ رہی ہے کہ ان میں حکمران جماعت کو فائدہ ملتا ہے مگر 2018ء کے بعد اس تاثر کو دھچکا لگا ۔ اس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے ووٹرز میں تحریک پیدا کرکے انہیں پولنگ سٹیشنز تک لے آتی تھیں،مگر حالیہ ضمنی انتخابات میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے ضمنی انتخابات کا معرکہ سر کر لیا۔

سندھ میں امن وامان کی دعائیں!

سندھ میں پیپلز پارٹی میدان پر میدان مار رہی ہے۔ قومی اسمبلی کی سیٹ پر آصفہ بھٹو زرداری کا بلامقابلہ انتخاب ہوا اور اب قمبر شہداد کوٹ سے ضمنی الیکشن میں خورشید احمد نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔

خیبرپختونخوا میں مایوسی!

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورہر طرف سے مسائل میں گھرے نظر آرہے ہیں ۔ایک طرف صوبے کو مالی بحران درپیش ہے تو دوسری جانب دہشت گردی پھیلتی نظرآرہی ہے ۔ اب انہیں کابینہ کے اندر بھی مسائل کا سامنا کرناپڑرہاہے۔

60نکاتی اصلاحاتی ایجنڈا،عمل کا منتظر!

بلوچستان کی مخلوط حکومت کی 14 رکنی کابینہ نے بالآخر حلف اٹھا لیا ہے۔ کابینہ میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے چھ،چھ جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے دو ارکان نے بحیثیت وزراحلف اٹھایا۔

بلدیاتی اداروں کو بجٹ جاری

آزاد جموں وکشمیر حکومت نے بالآخر بلدیاتی اداروں کے نمائندوں کو بجٹ جاری کر دیا۔ 32 سال کے بعد آزاد جموں وکشمیر کے بلدیاتی نمائندوں کی نشاندہی پر وزارت محکمہ مقامی حکومت و دیہی ترقی مختلف ترقیاتی سکیموں کیلئے پیسے جاری کرے گی تاکہ نچلی سطح پر لوگ اپنی نگرانی میں تعمیر و ترقی کا کام کرائے جا سکیں۔