مسائل اور ان کا حل

تحریر : مفتی محمد زبیر


سونا اور نقدی ملاکر ساڑھے باون تولہ چاندی کے بقدر ہونے پر زکوٰۃ واجب ہے سوال :(1)اسکی وضاحت فرمائیں کہ دویاتین تولے سونے پرکون سی زکوٰۃ ہوتی ہے اوردویاتین تولے سونے کے ساتھ ایک روپیہ بھی ہوتوکونسی زکوٰۃ ہوتی ہے؟ (عامربن غلام جیلانی )جواب:(1) دراصل سونے کی زکوٰۃ کانصاب ساڑھے سات تولہ ہے جسکی تفصیل یہ ہے کہ اگرکسی کے پاس صرف سوناہوسونے کے علاوہ چاندی ،نقدی یا مال تجارت کچھ نہ ہوتوایسی صورت میں ساڑھے سات تولہ سونے سے کم سونے پرزکوٰۃ واجب نہیں اورساڑھے سات تولہ سونایااس سے زیادہ سوناہونے کی صورت میں زکوٰۃ واجب ہے ، تاہم اگرسوناساڑھے سات تولے سے کم ہو اور اسکے ساتھ نقدی بھی ہوتوایسی صورت میں اب شرعاً سونے کے نصاب کااعتبارنہیں کیا جائیگا بلکہ اب ایسی صورت میں چاندی کانصاب معتبرہوگا جوکہ ساڑھے باون تولہ ہے لہٰذاایک دوتولہ سونے کے ساتھ ایک روپیہ بھی ہوتواسکی مجموعی قیمت چونکہ ساڑھے باون تولہ (چاندی کے نصاب کے بقدر)مالیت بنتی ہے اسلئے اس صورت میں چاندی کے نصاب کے اعتبارسے شرعاً زکوٰۃ واجب ہوگی۔(مزید تفصیل اور حوالہ جات کیلئے دیکھئے فتاویٰ عثمانی 2؍70)‘‘

عقیقہ کا سارا گوشت خود استعمال کرلینا

سوال :(2)بہت سارے علاقوں میں یہ رواج ہے کہ بچے کاعقیقہ جب لوگ کرتے ہیں تولڑکی کا1 اورلڑکے کے 2بکرے پکاتے ہیں اور صرف رشتہ داروں کوکھلاتے ہیں کسی پڑوسی یا محلہ کے کسی فردکویادوست جاننے والے کوقطعی شامل نہیں کرتے اورگھرسے باہربھی نہیں گوشت لے جایاجاتابلکہ ہڈیاں بھی گھرکے اندرہی گڑھا کھود کر دفن کی جاتی ہیں اوریہ کہ عقیقہ کابکراصرف اورصرف باپ کی کمائی سے ہی لیاجائے دادایاکوئی اور قیمت نہ دیا کرے ۔یہ سب باتیں کہاں تک درست ہیں وضاحت فرمائیں۔(شہناز بیگم، راولپنڈی)

جواب:(2) لڑکے کے عقیقہ میں 2اورلڑکی کے عقیقہ میں 1 بکراذبح کرناسنت ہے اور عقیقہ کے گوشت میں بھی قربانی کے گوشت کی طرح 3 حصے کرنامستحب ہے ایک گھروالوں کیلئے دوسرا رشتہ داروں کیلئے اور تیسرا فقراء و مساکین کیلئے، لیکن اگر کوئی سارا گوشت خود استعمال کر لے اور صرف رشتہ داروں کو کھلا دے تو اس میں بھی کوئی گناہ نہیں ہے تاہم سنت کے مطابق 3 حصے کرلینا بہتر ہے باقی ہڈیاں گھر میں دفنانے کی شرعاً کوئی اصل نہیں اس سے احتراز کیا جائے ۔

خواتین کا آفس میں کام کرنا اور مخلوط تقریب میں شرکت کرنا 

سوال :میں ایک آفس میں کام کرتی ہوں جہاں مرد حضرات بھی ہیں کیاہم سب اکٹھے بیٹھ کر کھانا وغیرہ کھاسکتے ہیں ؟یہ لازمی بتائیے گا اور آفس میں ہونے والی کسی پارٹی میں حدمیں رہ کر شرکت کی جاسکتی ہے؟(عائشہ جاوید ، فورٹ عباس)

جواب:عورتوں کانامحرم مردوں کے ساتھ اختلاط شرعاً جائز نہیں اس سے احترازلازم ہے تاہم مجبوری کی بناء پر عورت کو آفس کا کام کرنا پڑے تو حتی الامکان پردہ کا اہتمام کرنا چاہئے اور بلا ضرورت اختلاط سے احتراز کیا جائے نیز کھانے اور تقریب میں اختلاط کے بجائے خواتین کیلئے کھانے کاانتظام علیٰحدہ کیاجائے۔

دوا کے مفید یا مضر ہونے کا نظریہ

سوال :اگرمریض کایہ عقیدہ ہے کہ یہ دوامجھے فائدہ دیتی ہے یافلاں دوامجھے فائدہ نہیں دیتی کیایہ شرک کے زمرے میں آتاہے کہ نہیں؟(نام ظاہر نہ کریں )

جواب :اگریہ عقیدہ ہوکہ مؤثرحقیقی اللہ تعالیٰ ہے اوروہی شفاء دیتا ہے توکسی دوا کو اسباب کے درجے میں مفید یا مضر سمجھنے میں شرعاًکوئی حرج نہیں۔ واذامرضت فھویشفین (القرآن)

وظائف کا اہتمام اور نمازوں کو ترک کرنا

سوال:(2) ایک آدمی وظائف کرتاہے مگروہ نمازنہیں پڑھتااسکے متعلق کیاحکم ہے؟

جواب: ایسا شخص فاسق ہے فرائض وواجبات اداکرنا شرعاً لازم ہے ۔نیز اگر وظائف دنیاوی غرض کیلئے ہوں تو وہ باعث ثواب نہیں تاہم کسی دینی غرض یا فضیلت کیلئے پڑھتاہے تواسکی حیثیت ایک مستحب عمل کی ہے اور حقوق و فرائض کو چھوڑ کر صرف مستحبات پرعمل کرنا نجات کیلئے کافی نہیں ۔

 والدین کی زندگی میں فوت ہونے والی اولاد

 کی اولاد کا میراث میں حصہ نہیں 

سوال :اگر کسی شخص کی بیٹی کا انکی زندگی میں انتقال ہوجائے اور اس عورت کی ایک بیٹی ہو تو اس شخص اور اسکی بیوی یعنی عورت کی ماں کی وفات کے بعد اسکی نواسی یعنی اسکی بیٹی کی بیٹی کو والدین کی وراثت میں حصہ ملے گا ؟قرآن وحدیث میں کیا فرمان ہے ؟ (ہارون رشید ملتان )

جواب : والدین کی زندگی میں انتقال کرنے والے بیٹے یا بیٹی کا والدین کی میراث میں شرعاًحق نہیں لہٰذاصورت مسئولہ میں مذکورہ شخص اور اسکی بیوی کی زندگی میں وفات پاجانے والی بیٹی کی اولاد کا اس عورت کی والدہ کی میراث میں حصہ نہیں ہے فی صحیح مسلم (2؍34)الحقواالفرائض باھلھافمابقی فھولأولی رجل ذکر۔

 دعائے قنوت کے بغیر رکوع میں جانا 

سوال:دعائے قنوت کے بغیر اگر رکوع میں چلے گئے تو کیا کیا جائے ،دوبارہ  رکوع سے اٹھ کر دعائے قنوت پڑھنی چاہیے؟یا کیا کیا جائے ؟ (امین، حیدرآباد)

جواب:دعائے قنوت پڑھے بغیر اگر رکوع میں چلے گئے تو رکوع سے لوٹانہ جائے اور آخر میں سجدہ سہو کرلیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement

سالگرہ پر بچے چاہتے ہیں کچھ خاص!

بچوں کو اس کائنات کی سب سے خوبصورت اور معصوم مخلوق کہا جاتا ہے ۔سب کیلئے ہی اپنے بچے بہت خاص ہوتے ہیں اور بچوں کیلئے خاص ہوتا ہے ان کا جنم دن۔جب وہ سمجھتے ہیں کہ گھر والوں کو سب کام چھوڑ کر صرف ان کی تیاری پر دھیان دینا چاہئے۔ بچوں کی سالگرہ کیلئے سجاؤٹ میں آپ ان تمام چیزوں کی فہرست بنائیں جن میں آپ کے بچوں کی دلچسپی شامل ہو تاکہ وہ اپنے اس خوبصورت دن کو یادگار بنا سکیں۔

’’ویمپائرفیس لفٹ‘‘

کیا آپ کے چہرے پر بڑھاپے کے یہ تین آثار نظر آتے ہیں؟ (1)جلد کی رنگت کا خون کی گردش کی کمی کی وجہ سے سر مئی ہو جانا۔ (2) چہرے کی ساخت کا گرنا اور لٹک جانا، پٹھوں اور کولاجن کے کم ہوجانے کی وجہ سے۔(3) جلد کی بناوٹ کا کم ملائم ہوجانا۔اس کے نتیجے میں چہرہ تھکاہوا اور لٹکا ہوا نظر آتا ہے۔ چہرے کی زندگی سے بھرپور اور گلابی رنگت (جیسا کہ جلد کی ہر رنگت کے چھوٹے بچوں میں اور نوجوانی میں دیکھی جاتی ہے)مدھم ہو کر بے رونق سرمئی ہو جاتی ہے۔

آج کا پکوان

کشمش کا بونٹ پلائو:اجزاء:گوشت ایک کلو، چاول ایک کلو، گھی آدھا کلو، دار چینی، الائچی، لونگ، زیرہ سفید 10، 10گرام، پیاز250گرام، ادرک 50گرام، بونٹ کی دال آدھا کلو، دھنیا20گرام، مرچ سیاہ 10گرام، کشمش200گرام، نمک حسب ضرورت، زعفران 5گرام۔

عزیز حامد مدنی اک چراغ تہ داماں

عزیز حامد مدنی نے نہ صرف شاعری بلکہ تنقید، تبصرے اور تقاریر میں ان روایات کی پاسداری کی جو عہد جدید میں آئینے کی حیثیت رکھتے ہیں

اردوشعریات میں خیال بندی

معنی آفرینی اور نازک خیالی کی طرح خیال بندی کی بھی جامع و مانع تعریف ہماری شعریات میں شاید موجود نہیں ہے اور ان تینوں اصطلاحوں میں کوئی واضح امتیاز نہیں کیا گیا ہے۔ مثلاً آزاد، ناسخ کے کلام پر تنقید کرتے ہوئے لکھتے ہیں:

علامہ محمداقبالؒ کا فکروفلسفہ :شاعر مشرق کے فکر اور فلسفے کو عالمی شہرت ملی، مسلمانوں کو بے حد متاثر کیا

ڈاکٹر سر علامہ محمد اقبالؒ بیسویں صدی کی نابغہ روز گار شخصیت تھی۔ وہ ایک معروف شاعر، مفکر، فلسفی،مصنف، قانون دان، سیاستدان اور تحریک پاکستان کے اہم رہنما تھے۔اپنے فکر و فلسفہ اور سیاسی نظریات سے اقبالؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کو بے حد متاثر کیا۔ ان کے فکر اور فلسفے کو عالمی شہرت ملی۔