ری سائیکل فرنیچر نفاست اور وضعداری کا نمونہ
کبھی کبھار پرانے فرنیچر کی خریداری کرنے میں بھی کوئی قباحت نہیں ہوتی۔ بعض اوقات کم قیمت میں بہت عمدہ اور خوبصورت فرنیچر مل جاتا ہے۔
ری سائیکل اشیاء سے وضعداری اور نفاست کا تاثر ملتا ہے۔ یہ آپ کا بجٹ بھی متاثر نہیں کرتے۔ آپ ان کی تھوڑی بہت مرمت کروا لیں، نئی پالش کر لیں۔ یہ نئے نہ سہی مگر نئے جیسے ضرور ہو جائیں گے۔ خیال رہے کہ یہ صرف آپ جانتی ہیں کہ گھر کے کس گوشے میں رکھی کوئی میز، صوفہ، بک شیلف یا کوئی کرسی آپ نے کبھی پرانی فرنیچر مارکیٹ سے خریدی تھی۔ اس لئے سرمایہ کاری بھی کم سے کم کرنی ہوتی ہے۔ تھوڑی سی ذہانت برت کر اشیاء کی خریداری میں ڈیزائن کا جمالیاتی پہلو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
خالی بوتلوں کا استعمال
آپ کے گھر میں پلاسٹک اور شیشے کی خالی بوتلیں اکٹھی ہوتی رہتی ہیں۔ جیسے منرل واٹر، جوس، کولڈ ڈرنکس اور دودھ کی بوتلیں ناکارہ سمجھی جاتی ہیں ۔ اگر آپ بیش قیمت ڈیکوریشن پیس یا گلدان خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتیں تو کم از کم جدت طبع تو رکھتی ہی ہوں گی، وہی کام میں لایئے۔ آپ سفید بوتلوں کو ’’واز‘‘(گلدان) میں تبدیل کر سکتی ہیں۔ ان گلدانوں میں تازہ پھول، جڑی بوٹیاں، مثلاً تلسی، خشک جھاڑیاں سجائی جا سکتی ہیں۔ پودے شیشے کی بوتلوں میں اُسی طرح پھلتے پھولتے ہیں جیسے گملوں میں نشوونما پاتے ہیں اس لئے پریشانی کی کوئی بات نہیں۔
کین کا فرنیچر
پرانا کین فرنیچر عام مل جاتا ہے، یہ آرام دہ اور ہوا دار ہونے کے ساتھ جگہ بھی کم گھیرتا ہے۔ ان خوبیوں کے علاوہ یہ خاصا بجٹ دوست فرنیچر بھی ہے۔ آسانی سے صاف بھی ہو جاتا ہے،سفید پینٹ کر دیں تو یہ بالکل نیا لگنے لگتا ہے۔
بوتلوں کے کارک ناکارہ نہیں
جن بوتلوں میں کارکس موجود ہوں وہ علیحدہ کر لیا کریں اور انہیں Trivetکی شکل دیں۔ یہ تپائی آپ کے فرنیچر کی سطح کو خراب نہیں ہونے دے گی۔ یہ ماحول دوست تپائی بنانا بھی مشکل نہیں۔ اگر نہ بنا پائیں تو کسی کارپینٹر سے مدد لے لیں۔ کارکس کو گلو سے جوڑنا اور ایک ماحول دوست چیز کرافٹ کرنی ہے۔
لائٹ مدھم کریں
کبھی آپ علی الصبح بیدار ہو کر واش روم جائیں لائٹ آن کریں اور آنکھیں روشنی سے چندھیا جائیں تو یہ روشنی گل کر دینے کو جی چاہتا ہے۔ لائٹ کو بدل دیں۔ پرانے سامان کی مارکیٹ سے کوئی فانوس خرید لیں اور اس میں توانائی بچانے والے بلب لگا لیں تاکہ نیند گم آنکھیں خیرہ نہ ہوں۔