ٹھنڈا موسم۔۔۔اور گرما گرم سوپ
سردیوں کے موسم میں خود کو گرم اور توانا رکھنے کے لیے گرما گرم سوپ سے بہتر کوئی چیز نہیں۔ جی ہاں! گرما گرم مزیدار سُوپ آپ کو نہ صرف اندرونی توانائی فراہم کرتے ہیں بلکہ ان کا لذیذ ذائقہ آپ کے منہ کا مزہ بھی خوشگوار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ذیل میں سوپ کی کچھ لذیذ اور شاندار اقسام کے بارے میں معلومات دی جارہی ہیں جو دنیا بھر میں مقبول ہیں اور سردیوں کے موسم میں خاص طور پر ان کی مانگ بڑھ جاتی ہے۔ خود کو گرم، پُرجوش اور چُست رکھنے کیلئے آپ بھی ان مزیدار سوپ کو گھر پر آسانی سے بنا سکتے ہیں۔
ٹماٹر کا کلاسک سُوپ
کلاسک سوپ سے آغاز کرتے ہیں، یہ تو آپ بھی تسلیم کریں گے کہ اس سرد اور خشک موسم میں ٹماٹر کے کلاسک سوپ سے بہتر کچھ بھی نہیں ہو سکتا۔ اس کی تیاری میں فقط چند اجزا استعمال ہوتے ہیں اور اسے بنانے کا طریقہ بھی بہت آسان ہے۔ آپ بہت کم محنت کرکے مزیدار کلاسک ٹماٹر سوپ کو گھر پر تیار کرسکتے ہیں۔
تیار کرنے کا طریقہ :ٹماٹروں کو دھو کر کاٹ لیں، ان کا چھلکا اُتار دیں۔ پھر ٹماٹروں کی تعداد کے مطابق پانی ڈال کر اچھی طرح گرائنڈ کر لیں۔ پھر ایک پین میں زیتون کا تیل ، لہسن، پیاز اور باریک کٹی ہوئی گاجر ڈالیں اور ان کو ہلکا فرائی کرلیں۔ پھر اس میں گرائنڈ کیے ہوئے ٹماٹر شامل کرلیں اور ابال آنے تک پکائیں۔ اس کے بعد اس پیسٹ کو ایک برتن میں نکالیں اور اس میں دو سے تین چمچ کارن فلور اور ایک چمچ میدہ ڈال کر اچھی طرح چمچ چلائیں۔ پھر اس میں نمک ، کالی مرچ اور سفید مرچ شامل کریں اور اچھی طرح مکس کریں۔لیجئے زبردست سا گرم گرم ٹماٹر کا سوپ پینے کیلئے تیار ہے، اب اس کو چاہے تو ایسے ہی پی لیں ورنہ چاول اُبال کر اس کے ساتھ بھی کھا سکتے ہیں۔
چکن کارن سوپ
اجزاء:چکن بون لیس : 100 گرام، انڈا(پھینٹا ہوا) ایک عدد، کارن فلور: چار کھانے کے چمچے، نمک: حسب ذائقہ، کالی مرچ (پسی ہوئی): ایک چوتھائی کھانے کا چمچہ، سفیدمرچ (پسی ہوئی): ایک چوتھائی کھانے کا چمچہ، چکن یخنی: تین کپ، گاجر: ایک عدد، ہری پیاز: ایک عدد، مکئی دانے(اْبلے ہوئے): ایک کپ۔
ترکیب : چکن میں تین کپ یخنی میں بون لیس چکن، پیاز اور گاجر شامل کر کے 10 سے 15 منٹ کیلئے پکائیں تاکہ چکن ریشہ ریشہ ہو جائے، اب اس میں سے سبزیاں نکال لیں پھر نمک، مکئی دانے، کالی مرچ، سفید مرچ، سویا ساس اور سرکہ شامل کر دیں۔
آدھا کپ پانی میں کارن فلور کو اچھی طرح گھول کر سوپ میں شامل کریں اور مسلسل چمچہ چلاتے رہیں، اس کے بعد انڈے کو اچھی طرح پھینٹ کر پکتے ہوئے سوپ میں ڈال دیں اور مسلسل چمچہ چلاتے رہیں اور دھیمی آنچ پر مزید دو منٹ پکائیں اور گرما گرم پیش کریں۔ذائقے کی لذت کو دوبالا کرنے کے لیے چلی ساس،سرکہ اور سبز مرچوں کے ساتھ پیش کریں۔