بچوں کا انسائیکلو پیڈیا
بادل اتنی مختلف شکلوں میں کیوں ہوتے ہیں؟بادل بہت سی مختلف شکلوں کے ہوتے ہیں۔ ان کا انحصار ان کی اونچائی اور اس ہوا پر ہوتا ہے جس میں وہ موجود ہوتے ہیں۔ چھوٹے دھوئیں کی طرح کے بادل آسمان کی اونچائی پر جما دینے والی ہوا میں بنتے ہیں۔ سر مئی کمبل جیسے بادل گرم اور نم دار ہوا سے، جو زمین کے نزدیک ہوتی ہے، بنتے ہیں۔ اپنی اونچائی اور شکل کی بنا پر بادلوں کے مختلف نام رکھے گئے ہیں۔
کچھ بادل دوسروں کے مقابلے میں گہرے رنگ کے کیوں ہوتے ہیں؟
بعض بادل موٹے اور گھنے ہوتے ہیں بعض باریک اور پتلے، پانی کے لاکھوں کروڑوں قطرے ایک بادل میں شامل ہو کر روشنی کا اسکے اندر سے گزرنے کا راستہ روک دیتے ہیں۔ بادل جتنا گھنا ہوتا ہے روشنی کا راستہ اتنا ہی بند ہو جاتا ہے اور وہ گہرے رنگ کے نظر آتے ہیں۔ پتلے بادل سفید نظر آتے ہیں کیونکہ اس میں سے خاصی روشنی گزرتی ہے۔
بارش کیوں ہوتی ہے؟
بادل کبھی کبھی برستے ہیں۔ پانی کے لاکھوں کروڑوں ننھے ننھے قطرے اور برف کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے ہوا میں معلق ہوتے ہیں لیکن اگر وہ بڑے اور بھاری ہو جائیں تو بارش کی شکل میں زمین پر گر جاتے ہیں۔
بادلوں کی گرج میں گڑگڑاہٹ کیوں ہوتی ہے؟
شعلے سے نکلتی ہوئی بجلی اپنے راستے میں آنے والی ہوا کو گرم کرتی ہے، ہوا بڑی تیزی سے پھیلتی ہے اور پھر اپنے چاروں طرف پھیلی ہوئی ٹھنڈی ہوا سے ٹکراتی یا رگڑ کھاتی ہے اس طرح گرج کی آواز آتی ہے۔ گرج میں گڑ گڑاہٹ اس لئے ہوتی ہے کہ یہ آواز ہمارے پاس ہوا میں سے گزر کر پہنچتی ہے۔
آسمانی بجلی کہاں گرتی ہے؟
بجلی عام طور پر اونچی عمارتوں، درختوں اور کھمبوں سے ٹکراتی ہے۔ کھلی جگہ میں کسی لمبی اونچی چیز سے چاہے وہ لمبا آدمی ہی کیوں نہ ہو، یہ کشش محسوس کرتی ہے۔ بعض دفعہ اونچی زمین سے بھی ٹکرا جاتی ہے۔ یہ آسانی سے پانی اور دھات میں سے گزر سکتی ہے۔ اگر گرج چمک کا طوفان آ رہا ہو تو بہتر ہے گھر کے کہ اندرہی رہا جائے۔
برف کیوں گرتی ہے؟
دراصل ٹھنڈے بادلوں کے اندر برف کے ننھے ننھے ذرے ہوتے ہیں۔ پانی کے نئے بخارات ان بادلوں میں جا کر جمتے جاتے ہیں اور برف کے ٹکڑے جسامت میں بڑھنے لگتے ہیں۔ پھر جب یہ وزنی ہو کر گرنے لگتے ہیں تو آپس میں چپک جاتے ہیں اور برف کے گالے بن کر گرنے لگتے ہیں۔
برف کب بنتی ہے؟
جن علاقوں کی آب و ہوا سرد ہوتی ہے وہاں برف بنتی ہے۔ سردیوں میں جب درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر جاتا ہے تو پانی ٹھوس برف میں تبدیل ہو جاتا ہے عموماً رات کو موسم بہت ٹھنڈا ہو جاتا ہے چنانچہ صبح سویرے آپ کو بہت سی نئی برف نظر آتی ہے۔