وارڈروب
دوران حمل ایک چیز جس سے آپ کو خوشی ملے گی، وہ ہے میٹرنٹی شاپنگ ، لیکن اس سے پہلے کہ آپ اس پر اپنی پوری تنخواہ لٹا دیں یا پھر اپنے شوہر کو کنگال کر دیں، دو باتیں یاد رکھیں۔ڈیلیوری کے کچھ ماہ بعد آپ کو ان میں سے کوئی بھی لباس پورا نہیں آئے گا، جب تک کہ آپ ہر لباس کا سائز تبدیل نہ کروائیں لیکن اس میں اچھے خاصے پیسے خرچ ہو جاتے ہیں۔میٹرنٹی کا لباس کافی مہنگا ہوتا ہے۔
حمزہ کی پیدائش کے وقت میں نے زیادہ میٹرنٹی شاپنگ نہیں کی۔ حمل کے چھٹے مہینے میں بھی میرا پیٹ زیادہ نہیں بڑھا تھا اس لیے میں اپنے حمل سے پہلے والے کپڑے ہی استعمال کرتی رہی۔ چھٹا مہینہ گزرنے کے بعد میں نے ذرا کھلی شلواریں قمیضیں اور لچک دار جینز پہننا شروع کی۔ میرا وزن بہت زیادہ نہیں بڑھا تھا تو اس وقت یہ سب کرنا آسان تھا۔ حسن کی پیدائش کے وقت میرا وزن اتنا زیادہ اور اتنی تیزی سے بڑھنے لگا کہ ہر دو ہفتے بعد مجھے نئے کپڑے لینے پڑتے۔ جب حمل کے چوتھے مہینے میں میرا کینیڈا جانا ہوا تو میں نے وہاں شاپنگ کی، اپنے لیے بھی اور بچے کیلئے بھی۔ پہلے میرا سائز زیرو تھا اور اپنے حمل کے صرف چوتھے ہی مہینے میں، میں سائز چھے کے کپڑے خرید رہی تھی، یعنی میرا وزن اس قدر بڑھ گیا۔ میں نے بہت سی کھلی ٹاپس اور خاص قسم کی میٹرنٹی جینز خریدیں اور لچکدار قسم کے ٹرائوزر بھی، جنہیں میں ٹاپ اور شرٹس دونوں کے ساتھ پہن سکتی تھی۔ اس کے علاوہ میں نے کوئی زیادہ کپڑے نہیں خریدے کیونکہ میں جانتی تھی کہ ڈیلیوری کے دو سے تین ماہ بعد ان میں سے کچھ بھی مجھے پورا نہیں آئے گا۔ اگر آپ جلد ہی مزید بچے پیدا کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں تو ہاں، پھر اتنی خریداری کا فائدہ بھی ہے۔ دوسری صورت میں ایسا کرنا غیر ضروری ہے۔
میرے خیال میں پاکستانی لباس ویسے بھی حاملہ خواتین کیلئے کافی مناسب ہے۔ ہماری لمبی شرٹس اور کھلے ٹرائوز حالتِ حمل کیلئے کافی سازگار ہیں۔ اسی لیے حسن کی پیدائش سے پہلے میں زیادہ تر شلوار قمیض ہی پہنتی رہی۔ میں نے کھلا کپڑا لے کر اپنی مرضی کے کپڑے بھی بنوائے۔ اس طرح مجھے مہنگے ڈیزائنرز کے کپڑے نہیں لینے پڑے۔ڈیزائنرز کے میٹرنٹی ملبوسات کافی مہنگے ہوتے ہیں تو ایسے لباس پر اتنا پیسہ خرچ کرنے کی کوئی وجہ نہیں جو آپ کو بعد میں پہننا بھی نہیں۔
میں یہ سمجھتی ہوں کہ میٹرنٹی فیشن کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ کتنی سٹائلش ہیں۔ میں نے بہت سی خواتین بڑھے ہوئے پیٹ کے ساتھ خوبصورت لباس پہنے دیکھی ہیں۔ میں اسے بہت اچھا سمجھتی ہوں لیکن میرے لیے آرام پہلے آتا ہے۔ شوبز میں ہوتے ہوئے مجھے ایک خاص طرح تیار ہونا پڑتا ہے لیکن شو ختم کرتے ہی میں وہ کپڑے پہن لیتی تھی جن میں آرام دہ محسوس کروں۔ میرے شو کے ڈیزائنرز نے بھی اس بات کا بہت خیال رکھا کہ میں ایسا لباس زیب تن کروں جو سٹائلش ہونے کے علاوہ آرام دہ بھی ہو۔
اپنی شاپنگ کرتے ہوئے میں نے چند چیزوں کا بہت خیال رکھا۔ آپ کے ساتھ بھی میں وہ تجاویز شیئر کرتی ہوں۔
٭…اے لائن قمیض اور ٹاپ خریدیں۔ ان کے کھلے ہونے کی وجہ سے آپ انہیں آرام سے پہن سکتی ہیں۔
٭…بہت زیادہ تنگ کپڑے مت پہنیں کیونکہ آپ کو سانس لینے میں دشواری ہو گی۔
٭…ایک اچھا مشورہ جو مجھے دیا گیا، وہ یہ تھا کہ ایسے کپڑے خریدوں جن پر بٹن لگے ہوں۔ اس طرح آپ کو بعد میں بچے کو دودھ پلانے میں آسانی رہتی ہے۔
٭…آپ چاہیں تو کاٹن کی سکرٹس یا پھر لیکنگ بھی خرید سکتی ہیں۔
٭…اگر آپ اپنا جسم پوشیدہ رکھنا چاہتی ہیں تو ایک لمبا کارڈیگن بہترین ہے۔
٭…لمبے فراک پہن کر بھی آپ بہت آرام دہ محسوس کریں گی۔
٭…اگر آپ مغربی طرز کا لباس پہننا چاہیں، جیسے جینز اور ٹی شرف تو پہلے ایک belly band پہنیں۔ اس سے آپ کی کمر کو سہارا بھی رہے گا اور شرٹ اوپر ہونے کی صورت میں پیٹ بھی نظر نہیں آئے گا۔
٭…بہت سے آرام دہ اور بالکل فلیٹ جوتے بھی خریدیں۔ آپ کے پائوں سوجن کا شکار ہو جائیں گے جس سے آپ کے جوتے کا سائز بھی بدل جائے گا۔ ویسے میں سات سائز کے جوتے پہنتی ہوں لیکن حمل کے تیسرے مہینے کے بعد سے میرا سائز آٹھ ہو گیا۔ اس لیے میں اپنے لیے تین نہایت آرام دہ جوتے لے کر آئی جنہیں میں تقریباً روزانہ ہی پہنتی تھی۔ اب مجھے وہ جوتے پورے نہیں آتے لیکن حمل کے دوران وہ میرے لیے بہت کار آمد ثابت ہوئے۔
مجھے امید ہے کہ ان تجاویز سے آپ کو اپنی خریداری کیلئے کوئی آئیڈیا ملا ہو گا۔ ان سب کی وجہ سے میرے لیے تو بہت آسانی رہی اور مجھے امید ہے کہ آپ بھی ایسا ہی محسوس کریں گی۔