اسلام آباد میں گالف کاشاندارمقابلہ
18واں چیف آف دی نیول سٹاف امیچور گالف کپ 2025 ء
میگاایونٹ کا ٹائٹل راولپنڈی گالف کلب کے محمد یاسر کھوکھر نے اپنے نام کیا
پاکستان میں گالف کاکھیل تیزی سے مقبول ہورہاہے اور اس وقت ملک بھرمیں 51گالف کورسز اور تقریباً 19ہزار ممبر ہیں۔ ’’چیف آف دی نیول سٹاف گالف کپ‘‘ وطن عزیز کاایک باقاعدہ اور اہم ایونٹ ہے جو 1907ء سے مسلسل منعقد ہو رہا ہے ۔
خطے میں اس کھیل کی تاریخ کا جائزہ لیاجائے تو گالف برصغیر پاک و ہند میں برطانوی نوآبادیاتی دور میں متعارف کرایا گیا تھا۔1947ء میں پاکستان کی آزادی کے وقت لاہور جم خانہ گالف کورس مغربی پاکستان کا سب سے پرانا کورس تھا جو میاں میر میں واقع تھا اور اس میں صرف 9 ہولز تھے۔ اس وقت پشاور گالف کورس بھی موجود تھاجو 1906ء میں ڈین کپ کی میزبانی کرچکاتھا۔
لاہور میں پاکستان ویسٹ ریلوے کلب کے تاج الدین سلیمی، کراچی گالف کلب کے راشد حبیب اور میجر محسن علی(مشرقی پاکستان سے) ملک میں گالف کے بانی تھے۔1958ء تک گالف سرگرمیوں کے اہم مراکز لاہور جم خانہ، پاکستان ویسٹ ریلوے گالف کلب (مغربی پاکستان)اور مشرقی پاکستان میں ٹی سٹیٹ گالف کلب تھے۔ آزادی کے ابتدائی سالوں میں گالف صرف سول سروس اور فوجی اہلکار کھیلتے تھے۔ عام آبادی میں اس کھیل کو فروغ دینے کیلئے پاکستان گالف یونین 17مئی 1960ء کو ڈھاکہ گالف کلب، کراچی گالف کلب، لاہور جم خانہ گالف کلب، پاکستان ویسٹ ریلوے گالف کلب لاہور، پشاور گالف کلب، اور راولپنڈی گالف کلب کے بانی رکن کلبوں کے ساتھ قائم کی گئی۔
بین الاقوامی مقابلے میں پاکستان کی پہلی شرکت 1962 ء کی آئزن ہاور ٹرافی میں ہوئی، جس میں حبیب، سلیمی، ایم ایم ہاشم خان اور ایم ابراہیم موسیٰ پر مشتمل چاررکنی ٹیم نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ اس کے بعد دو ڈومیسٹک ٹورنامنٹس1961ء میں نیشنل امیچور گالف چیمپئن شپ اور 1967ء میں پاکستان اوپن کے نام سے شروع ہوئے۔11 سال کے وقفے کے بعد پاکستان اوپن کو ایشین ٹور میں چیف آف نیول سٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کے طور پر شامل کیا گیاجو تھائی لینڈ کے تیراوت کاویسربندی نے جیتا۔مئی 2022 ء میں چیف آف نیول سٹاف (پاکستان اوپن) کو 2018 ء کے بعد پہلی بار ایشین ٹور میں شامل کیا گیا تھاجو یکم سے4 دسمبر 2022 ء تک کراچی گالف کلب میں کھیلی گئی اور اس کی مجموعی انعامی رقم 5 لاکھ امریکی ڈالر تھی۔اس طرح چیف آف دی نیول سٹاف گالف کپ قومی سطح پر گالف کے سب اہم ایونٹس میں سے ایک ہے۔
18واں چیف آف دی نیول سٹاف امیچور گالف کپ 22تا 26 اکتوبر 2025 ء اسلام آباد میں فیصل مسجدکے سائے میں واقع پاکستان بحریہ کے خوبصورت مارگلہ گرینز گالف کلب میں منعقد ہوا۔افتتاحی تقریب میں پیٹرن پاکستان نیوی گالف (نارتھ)ریئر ایڈمرل ثاقب الیاس نے ایونٹ کے اہم پہلوئوں اورمختلف کیٹیگریز میں اس کے انعقاد پر روشنی ڈالی۔میگا قومی ایونٹ میں پاکستان بھر سے تقریباً 300 گولفرز نے شرکت کی۔ راولپنڈی گالف کلب کے محمد یاسر کھوکھر نے 18ویں چیف آف دی نیول سٹاف امیچور گالف کپ 2025 ء کا ٹائٹل جیتا۔ لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ محمد ایوب خان نے سنیئر، جیسیا تصورنے لیڈیز اور ماسٹر مصعب آصف نے جونیئر کیٹیگریز میں ٹائٹل جیتے۔زاہد اعوان نے سنیئرمیڈیا کیٹیگری میں لانگیسٹ ڈرائیو کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ مہمان خصوصی چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے انعامات تقسیم کیے۔