پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا
روایتی حریف ایک بار پھر آمنے سامنے
کرکٹ کی دنیا میں چند مقابلے ایسے ہوتے ہیں جن کا انتظار شائقین پورا سال کرتے ہیں، پاکستان آسٹریلیا سیریز بھی انہی بڑے کرکٹ معرکوں میں شمار ہوتی ہے۔ 30 مئی سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز صرف تین میچز پر مشتمل ضرور ہے لیکن اس کی اہمیت کسی بڑے عالمی ایونٹ سے کم نہیں۔ دونوں ٹیمیں اس سیریز کوآئندہ عالمی مقابلوں کی تیاری اور اپنی طاقت آزمانے کیلئے اہم سمجھ رہی ہیں۔ پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان مقابلے ہمیشہ سخت اور دلچسپ رہے ہیں۔ آسٹریلیا اپنی جارحانہ کرکٹ، بہترین فیلڈنگ اور دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت کے باعث دنیا کی کامیاب ترین ٹیموں میں شمار ہوتا ہے جبکہ پاکستان اپنی غیر متوقع کارکردگی، باصلاحیت فاسٹ بولرز اور سپن اٹیک کیلئے مشہور ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچز میں سنسنی آخری گیند تک برقرار رہتی ہے۔
سیریز کا پہلا ٹاکرا 30 مئی کو راولپنڈی کی بیٹنگ فرینڈلی پچ پر ہوگا جس کے بعد اگلے دو میچز 2 اور 4 جون کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جہاں پچز اسپنرز کیلئے سازگار ہوں گی، اور کرکٹ بورڈ نے روٹھے ہوئے فینز کو اسٹیڈیم لانے کیلئے ٹکٹوں کی ابتدائی قیمت محض 200 روپے مقرر کی ہے جن کی آن لائن اور تینوں شہروں کے 16 مراکز پر فزیکل فروخت شروع ہو چکی ہے۔ یہ سیریز دونوں ٹیموں کے مستقبل اور رینکنگ کے لحاظ سے انتہائی اہم ہے جہاں پاکستان کو سرخرو ہونے کیلئے شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی میں بولنگ کو نپی تلی لائن و لینتھ دکھانی ہوگی اور بابر اعظم کوبلے بازی میں فرنٹ سے لیڈ کرنا ہوگا، ورنہ کینگروز ہوم گرائونڈ پر پاکستانی کرکٹ کیلئے ایک نیا بحران کھڑا کر سکتے ہیں۔
پاکستانی سکواڈ
اس اہم ترین امتحان کیلئے پی سی بی نے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا ہے۔سکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، احمد دانیال، عرفات منہاس، بابر اعظم، حارث رؤف، معاذ صداقت، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان، شامل حسین اور سفیان مقیم شامل ہیں۔
آسٹریلوی سکواڈ
دوسری جانب مچل مارش کی کپتانی میں آنے والی کینگروز الیون الیکس کیری، کیمرون گرین، مارنوس لبوشین اور ایڈم زمپا جیسے میچ ونرز کے ساتھ پاکستان کی موجودہ کمزور فارم کا فائدہ اٹھانے اور جنوری کے وائٹ واش کا بدلہ لینے کیلئے بے تاب ہے۔ اس سیریز کے فورا ًبعد انہیں دورہ بنگلہ دیش پر بھی جانا ہے، اس لیے وہ اپنے ایشیائی مشن کا آغاز فتح سے کرنا چاہتے ہیں۔
ٹیم کاجائزہ
پاکستانی ٹیم اس وقت ایک نئی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے۔ حالیہ عرصے میں ٹیم کی کارکردگی میں اتار چڑھاؤ ضرور دیکھنے میں آیا مگر ہوم کنڈیشنز میں پاکستان اب بھی ایک خطرناک ٹیم تصور کی جاتی ہے۔
30 مئی سے 4 جون تک راولپنڈی اور لاہور میں شیڈول یہ سیریز دونوں ٹیموں کیلئے محض ایک روایتی مقابلہ نہیں بلکہ اپنی ساکھ اور وقار کی جنگ ہے۔ یہ سیریز پاکستان کیلئے ایک سنہری موقع ہے کہ وہ دوبارہ جیت کے راستے پر واپس آئے ۔ مگر اس بار ون ڈے فارمیٹ کا مزاج بالکل مختلف ہوگا اور کینگروز بھی مضبوط حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
آسٹریلیا ہمیشہ ایک منظم اور پروفیشنل ٹیم کے طور پر میدان میں اترتا ہے۔ اگرچہ اس بار کئی سینئر فاسٹ بولرز دستیاب نہیں ہوں گے، لیکن آسٹریلیا کی بینچ سٹرینتھ اب بھی انتہائی مضبوط سمجھی جاتی ہے۔
بائولنگ کی طاقت
پاکستانی ٹیم کی اصل طاقت ہمیشہ اس کی بولنگ رہی ہے۔ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف کی رفتارآسٹریلوی بیٹنگ لائن کیلئے بڑا امتحان ہوگی۔شاہین آفریدی نئی گیند سے ابتدائی وکٹیں لینے کی مہارت رکھتے ہیں۔ اگر وہ آسٹریلیا کے اوپنرز کو جلدآؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے تو پاکستان کو واضح برتری حاصل ہو سکتی ہے۔ شاہین پاکستان کے تیز ترین 100 او ڈی آئی وکٹ لینے والے بولرز میں شامل ہیں۔وہ نئی گیند سے خطرناک ترین لیفٹ آرم فاسٹ بولرز میں شمارہوتے ہیں۔وہ ایک روزہ میچز میں تین مرتبہ 5 وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔
جارحانہ کرکٹ آسٹریلیا کی طاقت
آسٹریلوی بیٹرز ابتدا ہی سے مخالف ٹیم پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ گلین میکسویل، مارنس لبوشین اور دیگرآل راؤنڈرز کسی بھی وقت میچ کا رخ بدل سکتے ہیں۔دنیا بھر میں آسٹریلیا کی فیلڈنگ کو بھی بہترین تصور کیا جاتا ہے۔ یہی شعبہ اکثر انہیں دوسرے ممالک پر برتری دیتا ہے۔
آسٹریلیا کو مجموعی طور پر واضح برتری حاصل رہی ہے، تاہم پاکستان نے ہوم سیریز میں کئی یادگار فتوحات حاصل کیں۔ماہرین کے مطابق پاکستان کو ہوم کنڈیشنز کی وجہ سے معمولی برتری حاصل ہے لیکن آسٹریلیا کی فائٹنگ سپرٹ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ اگر پاکستان اپنی فیلڈنگ بہتر رکھتا ہے اور ابتدائی وکٹیں حاصل کر لیتا ہے تو سیریز جیت سکتا ہے۔
آسٹریلیا کی نمایاں خوبیاں
٭ تیز فیلڈنگ
٭پریشر میں بہتر فیصلے
٭ جارحانہ کپتانی
٭ بہترین آل راؤنڈرز
آسٹریلیا کی کمزوریاں
٭ سینئر فاسٹ بولرز کی عدم موجودگی
٭ پاکستانی پچز پر سپن کے خلاف مشکلات
ٹکر کے مقابلے
٭شاہین آفریدی بمقابلہ ٹریوس ہیڈ
اگر شاہین نئی گیند سے ہیڈ کو جلد آؤٹ کر دیتے ہیں تو پاکستان کو بڑی برتری مل سکتی ہے۔
٭بابر اعظم بمقابلہ ایڈم زمپا
زمپا کی لیگ سپن بابر کیلئے چیلنج بن سکتی ہے، جبکہ بابر کی کلاس اسپن کے خلاف مضبوط سمجھی جاتی ہے۔
گلین میکسویل :جارحانہ آسٹریلوی بلے باز
آسٹریلوی کرکٹرگلین میکسویل اپنی جارحانہ بیٹنگ، تیز رفتار اسکورنگ اور آل راؤنڈ کارکردگی کیلئے دنیا بھر میں معروف ہیں۔ ان کا پورا نام گلین جیمز میکسویل ہے اور وہ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتے ہیں جبکہ آف اسپن باؤلنگ بھی کرتے ہیں۔ وہ محدود اوورز کی کرکٹ خصوصاً ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے خطرناک ترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔ اپنی غیر روایتی شاٹس اور تیز کھیل کی وجہ سے انہیں ’’دی بگ شو‘‘بھی کہا جاتا ہے۔
انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے کئی یادگار اننگز کھیلی ہیں، جن میں 2023ء کے کرکٹ ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف ناقابلِ شکست 201 رنز کی تاریخی اننگز خاص طور پر شامل ہے۔ اس میچ میں انہوں نے شدید تکلیف اور دباؤ کے باوجود ٹیم کو حیران کن فتح دلائی تھی۔گلین میکسویل دنیا بھر کی مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگز میں بھی کھیل چکے ہیں۔ ان کی جارحانہ بیٹنگ شائقین کرکٹ کیلئے ہمیشہ دلچسپی کا باعث رہتی ہے۔ان کی جارحانہ بیٹنگ پاکستانی اسپنرز کیلئے بڑا چیلنج ہوگی۔
بابر اعظم امیدوں کا مرکز
پاکستانی بیٹنگ لائن کا سب سے اہم نام بابر اعظم ہیں۔ ان کی واپسی ٹیم کیلئے بہت بڑا سہارا ثابت ہو سکتی ہے۔ بابر نہ صرف تکنیکی اعتبار سے مضبوط بیٹر ہیں بلکہ وہ دباؤ میں لمبی اننگز کھیلنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ وہ ون ڈے میں پاکستان کے تیز ترین 1000، 2000، 3000، 4000 اور 5000 رنزبنانے والے کھلاڑی ہیں جبکہ 50 او ڈی آئی اوسط رکھنے والے دنیا کے نمایاں بیٹرز میں شامل ہیں۔بابر اعظم اگر ابتدائی اوورز میں وکٹ بچانے میں کامیاب رہے تو پاکستان بڑے سکور کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔