شوال کا چاند اور خوبصورت ’’بلڈ مون‘‘
غیر ملکی جریدے ''فوربس ‘‘ میگزین نے چاند کے بارے میں ایک دلچسپ تحریر شائع کی ہے، جریدے نے بتایا ہے کہ '' 1.80ارب مسلمان شوال کی پہلی تاریخ کو عید کی خوشیاں منائیں گے۔ چاند سعودی عرب سے افریقہ تک مختلف دنوں ایام نظرآئے گا۔ زیادہ تر ممالک میں 12مئی اور 13 مئی کو نظرآسکتا ہے لہٰذا عید الفطر 13 یا 14 مئی کو ہو سکتی ہے۔ 12مئی کو مکہ میں چاندنظر آنے کے قوی امکانات ہیں کیونکہ اس وقت اس کی عمر اتنی ہو گئی ہو گی کہ نظر آجائے،لیکن سعودی عرب کے کسی اور شہر میں نظرآنے کے امکانات کم ہیں۔اس وقت یہ 0.6فیصد روشن ہو گا۔11مئی کو برج ثور میں 'نیو ن مون‘ زمین اور سورج کے درمیان میں ہو رہا ہے اس لئے چاند کے نظر آنے کے امکانات بہت ہی کم ہیں۔کم از کم پندرہ گھنٹے بعد چاند سورج کے مشرق کی جانب گردش کرے گا، اس وقت قدرے دھندلا ہو گا مگر نظر آ جائے گا۔ اس وقت یہ مکہ مقدسہ کے عین اوپر ہو گا۔ اگلے روز 13مئی کو چاند 1.7دن کا ہو جائے گا اور 2.9 فیصد حصہ روشن ہو گا۔تب کئی ممالک میں آنکھوں سے بھی دیکھا جا سکے گا۔'سپر فلاور بلڈ مون‘26مئی کو ہو گا اور یہ آسٹریلیا، امریکہ اور جنوب مشرقی ایشیاء کے کئی حصوں میں دیکھا جا سکے گا۔تیسرا سپر مون بلڈ مون بھی کہلاتا ہے۔ اس دوران کئی حصوں میں 15 منٹ کے لئے سرخی مائل روشنی پھیل جائے گی۔جبکہ 10جون کو 'رنگ آف فائر‘ نامی سورج گرہن 3منٹ 33سیکنڈ برقرار رہے گا‘‘۔
شوال کا چاند نظر آنے کے کچھ دنوں کے بعد دنیا میں دلچسپی سے دیکھا جانے والا ' بلڈ مون‘ ہو گا جبکہ 10جون کو سورج گرہن بھی لگنے والا ہے، جسے ''رنگ آف فائر ‘‘کہتے ہیں، یہ کینیڈا، امریکہ ، گریس لینڈ اور روس کے بعض حصوں میں بہتر طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔''رنگ آف فائر ‘‘ کہلانے والا سورج گرہن دیکھنے کے لئے شوقین حضرات مختلف ممالک کا سفر کرتے ہیں جس خطے میں بھی زیادہ دیر کے لئے نظرآئے ،وہیں ڈیرے ڈال لیتے ہیں‘‘۔ ان دنوں عالمی ٹریفک پر کئی پابندیاں ہیں ، لہٰذا نقل و حمل آسان نہیں ہو گی ۔
مضمون نگار جمی کارٹر کے مطابق ''چاند دیکھنے کا عمل میرے دل میں بھی جنون پیدا کرتا ہے،اس کا بھی مزہ ہے۔چاند دیکھ کر دنیا بھر کے مسلمان رمضان کے روزے ختم کریں گے ۔باریک اور کم عمر ترین چاند کو دیکھتے کے لئے میں آپ کو ایک مشورہ دیتا ہوں ۔ سب سے پہلے سیارہ زہرہ کو تلاش کیجئے، یہ آسمان کا چمکتا ترین ستارہ ہے۔اس کے قریب ہی آپ کو چاند بھی ملے گا،باریک لکیر کی صورت میں ۔ بلڈ مون :جب بلیو مون کے دن مکمل چاند گرہن بھی ہوجائے تو اس وقت چاند گہرے مٹیالے رنگ کا نظرآتا ہے۔اسے بلڈ مون (Blood Moon) یا سپر بلڈ مون کہتے ہیں۔ سپر مون اس پورے چاند کو کہتے ہیں جو زمین کے قریب تر ہو ۔ چاند کا مدار بیضوی شکل میں ہوتا ہے لہٰذا اس کے بیضوی کونوں پر چاند کا زمین سے فاصلہ 50 ہزار کلومیٹر تک کم ہو جاتا ہے۔زمین کے قریب تر ہونے کی وجہ سے 14فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن نظرآتا ہے۔''سپر مون‘‘ کا نام پہلی مرتبہ 1979ء میں ماہر فلکیات رچرڈ نولے (Richard Nolle) نے استعمال کیا تھا۔
کئی امریکی شہری نیلا چاند دیکھنے کا دعویٰ بھی کر چکے ہیں۔ ایک مہینے میں دو مرتبہ نظرآنے والے پورے چاند کو بلیو مون کہتے ہیں۔ ہر دو سے تین سال کے اندر ایسا ہوتا ہے۔گزشتہ بلیو مون 31 مارچ 2018 ء کو نظرآیا تھا۔اگلا بلیو مون 22 اگست 2021ء کو ہوگا۔اس کی ایک اور بھی توجیح ہے، کسی بھی موسم میں چار سے زیادہ پورے چاند نہیں ہوتے ، کسی ایک سیزن میں چار میں سے تیسرے پورے چاند کو بھی بلیو مون کہتے ہیں۔
''مین فارمرز المانک ‘‘ (Maine Farmer's Almanac) کے مطابق اس قسم کے چاند کا سب سے پرانا نام بلیو مون ہی ہے۔ امریکہ میں کیلنڈر سال کے آخری تین مہینوں میں تین فل مون ہو سکتے ہیں۔لیکن زمانہ جدیدمیں کسی بھی ایک مہینے میں ہونے والے دو فل مون میں سے دوسرے فل مون کو بلیو مون کہا جاتا ہے۔ دستیاب تاریخ کے مطابق پہلا بلیو مون 21 اگست 1937ء کو ہوا تھا۔ 1937ء میں صرف 13فل مون ہوئے تھے۔
''ریڈ مون‘‘ کا رنگ؟چندا ماما کو '' سرخ مون ‘‘ یا ریڈ مون بھی کہتے ہیں ۔ چاند اور زمین کے درمیان میں گرد آلود فضاء کے باعث ایسا ہو سکتا ہے، گرد کی وجہ سے کبھی کبھی چاند ''خوں رنگ ‘‘ دکھائی دیتا ہے ،لیکن آپ تو جانتے ہیں کہ چندا ماماکا خون کے رنگوں سے کیا تعلق۔
شکاری کا چاند:اب ایک اور بات سن لیجئے۔ امریکہ اور کئی یورپی ممالک میں اکتوبر کے فل مون کو ''ہنٹرز مون‘‘ یعنی ''شکاری کا چاند‘‘ (Hunter's Moon)بھی کہا جاتا ہے ۔اس کا تعلق شکاراور کاشتکاری سے ہے ، ان ممالک میں اس موسم میں شکاریوں کی اور کاشت کاروں کی سرگرمیاں عروج پر ہوتی ہیں اس لئے اسے شکاری کا چاند کہا جاتا ہے۔کاشت کاری کی نسبت سے اسے ''ہار ویسٹ مون ‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔غیر ملکی ویب سائٹ ''ایسٹرومنی .کام‘‘ کے مطابق امریکہ میں اس ''ہارویسٹ مون ‘‘ کو فل مون کو کہا جاتا ہے جو موسم خزاں کے قریب ترہوا ہو ۔ امریکہ میں یہ ستمبر سے دسمبر تک ہوسکتا ہے۔
بلیو مون کی ایک ہی تاریخ :ہر 19برس کے بعدبلیو مون ایک ہی تاریخ میں آتے ہیں۔ 2039ء کا بلیو مون بھی رواں سال کی طرح 31 اکتوبرکو ہی ہو گا۔مستقبل میں آنے والے بلیو مون کے چارٹ پر ایک نظر ڈال لیجئے ۔
2023:1اگست اور31 اگست
2026ء :2اور31 مئی
2028ء :3اور31دسمبر
2031ء :4اور30ستمبر
2034ء :5اور31جولائی
2037ء : 6اور31جنوری
2037ء:7اور31 مارچ
2039ء:8اور31اکتوبر