سیاحت لفظی
کلیسا عیسائیوں کی عبادت گاہ کو کلیسا کہتے ہیں۔ اس لفظ کا ماخذ یونانی لفظ Ekklesia ہے۔ زمانۂ قدیم میں یونان کے شہر ایتھنز میں Ekklesia کے نام سے ایک اسمبلی قائم کی گئی تھی جس میں 20سال سے زائد عمر کا ہر مرد شہری ووٹ ڈال سکتا تھا۔ بعد میں اس لفظ کا اطلاق یہودی دولتِ مشترکہ پر ہونے لگا۔ یہ لفظ یونانی زبان سے لاطینی کے راستے انگریزی میں آیا۔ انگریزی زبان میں اس کا املا Ecelesia ہے۔ عصر موجود میں انگریزی میں Ecclessia اور اُردو میں کلیسا چرچ کے معنیٰ میں بولا جاتا ہے۔ لفظ کلیسا فارسی میں بھی بولا جاتا ہے اور خیال ہے کہ یہ لفظ (کلیسا) فارسی زبان سے ہی اُردو میں آیا ہے۔
طلسم
طلسم، عربی زبان سے فارسی اور فارسی سے اردو میں آیا ہے، اس لفظ کا ماخذ لاطینی لفظ Talesma ہے۔ لاطینی میں Talesma کاغذ یا دھات کے اس ٹکڑے کو کہا جاتا تھا جس پر جادوگر عبارات تحریر کیا کرتے تھے۔ یہ ٹکڑے انسانی حفاظت کے لئے استعمال ہوتے تھے۔ جدید اردو میں طلسم عربی کی طرح سحر، جادو کے معنی میں بولا جاتا ہے۔ عربی میں اس لفظ کے دو تلفظ طِلسم اور طلسم ہیں۔ تاہم فصحائے اردو طلسم بولتے ہیں جو کہ فارسی تلفظ ہے۔
صابن
عربی اور فارسی میں صابن کو صابون کہتے ہیں اور یہی خیال کیا جائے گا کہ اہل اُردو نے اسے مختصر کر کے صابن بنایا ہے۔ تاہم لغت نگاروں نے اس لفظ کی لسانی اصلیت کے متعلق اپنی اپنی تحقیق کے مطابق خیال آرائی کی ہے۔ حسن عمید نے لکھا ہے کہ یہ لفظ فرانسیسی (Savon) سے فارسی میں آیا ہے۔ فرہنگ ِ آصفیہ کے مصنف نے کسی حوالے سے لکھا ہے کہ صابن کا موجد صابون عبدالرحمن البونی تھا۔ چنانچہ اسی لحاظ سے صابن کو ابتدا میں اصاب البونی کہتے تھے جو مختصر ہو کر صابون رہ گیا اور اُردو زبان میں صابن بن گیا۔
آبِ زم زم
(آب: فارسی۔ زم زم: عربی)مکہ مکرمہ میں زم زم نامی ایک چشمہ ہے، جس کی ایک خاص اسلامی حیثیت اور تاریخ ہے۔ مسلمہ روایت کے مطابق حضرت اسماعیل ؑ کی ولادت مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کے نزدیک ہوئی۔ آپؑ کی پیدائش کے وقت آپؑ کی والدہ محترمہ بی بی ہاجرہؑ کو بہت پیاس لگی۔ نزدیک پانی موجود نہ تھا۔ چنانچہ وہ پانی کی تلاش میں اِدھر اُدھر بھاگیں۔ دریں اثنا نومولود حضرت اسماعیلؑ نے زمین پر ایڑیاں رگڑیں، جس کے بعد حضرت اسماعیلؑ کے پائوں کے نیچے زمین پھٹ گئی اور پانی بہنے لگا۔ حضرت ہاجرہؑ آئیں۔ اُنھوں نے یہ پانی پیا اور اپنی پیاس بجھائی۔ زم زم اسی پانی کا نام ہے۔ طویل عرصے سے زم زم بہہ رہا ہے اور دُنیا بھر کے فرزندانِ توحید یہ پانی پی کر ایمان وقلوب کو تازہ رکھے ہوئے ہیں۔ زم زم کے معنی ہیں وافر، بکثرت۔
آبِ کوثر
(آب: فارسی۔ کوثر: عربی)کوثر جنت کی ایک نہر کا نام ہے، جس کا پانی بہشت کے باہر حوضِ کوثر میں آکر گرتا ہے۔ قیامت کے روز آنحضرت محمدﷺ کے اُمتی اس حوض کا پانی پی کر بہشت میں داخل ہوں گے۔ حوضِ کوثر کی نسبت سے آپؐ کو ساقی کوثر بھی کہتے ہیں۔ کوثر قرآن مجید کی ایک سورۃ کا نام بھی ہے۔
ضد
یہ عربی زبان کا لفظ ہے۔ اس کے معنیٰ ہیں برعکس، نقیض اور مخالف۔ عربی زبان میں بعض الفاظ متضاد معنیٰ میں بولے جاتے ہیں۔ جس طرح لفظ بیع کے ایک معنیٰ ہیں فروخت اور دوسرے معنی ہیں خرید۔ ان الفاظ کو لغاتِ اضداد کہتے ہیں۔ لفظ ضد بھی اس کی ایک مثال ہے۔
چنانچہ عربی میں ضد کے ایک معنیٰ ہیں مخالف، برعکس اور دوسرے معنی میں مثل، نظیر۔ یاد رہے کہ اُردو زبان میں لفظ ضد صرف ایک معنی (مخالف، برعکس) میں بولا جاتا ہے۔