بادلوں کی آنکھ مچولی
فضا میں خنکی تھی۔ چاندنی رات تھی، آسمان پر بادلوں کے آوارہ ٹکڑے چاند کے ساتھ آنکھ مچولی کھیل رہے تھے۔ ہوٹل، دفاتر اور ریسٹورنٹس کے درمیان ایک اوول بنا ہوا تھا۔ اوول کے عین وسط میں صندل کی لکڑی کا ایک چبوترا بنا ہوا تھا۔ مناسب فاصلے پر ایک نیم دائرے کی شکل میں میز بچھے تھے۔ ہر میز کے اردگرد چار چار اور چھ چھ کرسیاں دھری تھیں۔ لاگ (Log) کے بائیں طرف لکڑی کا بنا ہوا فلور تھا۔ فلور کے آخری کونے پر ایک پلیٹ فارم بنایا گیا تھا جس پر مائیک اور میوزیکل انسٹرومنٹ رکھے گئے تھے۔ میزوں پر بڑی بڑی موم بتیاں چاندی کے چار خانوں میں جل رہی تھیں۔ جب ہم پہنچے تو قریباً سبھی مہمان آچکے تھے۔ یوں لگا جیسے انہیں ہمارا ہی انتظار تھا۔ جونہی ہم اپنی مقررہ نشستوں پر بیٹھے تو وہی سیلزگرل جس نے ہمیں ہوٹل میں ٹھہرنے پر راغب کیا تھا، مائیک پر آئی۔ اپنی سُریلی لیکن نپی تلی آواز میں مخاطب ہوئی: ''ہائے فوکس!‘‘ ہر طرف سے ہائے ہائے شروع ہو گئی۔ وہ قدرے جھینپی اور پھر مسکرا دی۔ ''میں آپ کو آرنلڈفارم، مسٹراور لیڈی آرنلڈ کی طرف سے خوش آمدید کہتی ہوں۔ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ آپ نے آج ہمیں شرفِ مہمان نوازی بخشا ہے۔ جہاں ہم آپ لوگوں کے ممنون ہیں، وہاں ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ ان لمحوں کو امر کردیں۔ یادگار بنا دیں۔ آج ہم جو پروگرام پیش کریں گے وہ صرف تفریح تک محدود نہیں ہو گا بلکہ اس میں آپ کو امریکہ کی تاریخ متحرک نظر آئے گی۔ یہ جو سٹیج پر رقاص اور نغمہ سنج بیٹھے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو ریڈ انڈین قبائل کی اُمیدوں، اُمنگوں، آرزوئوں اور ارادوں کا چمن زار سمیٹ لائے ہیں۔ تاریخ کے دھارے جب بہتے ہیں تو وہ اپنی سمت خود متعین کرتے ہیں۔ حق انصاف، عدل گستری واخلاقی ضابطے کچھ بھی تو ان کی راہ میں حائل نہیں ہو سکتا۔ تاریخ کی اپنی ایک منطق ہے جو ان تمام لطیف جذبات سے ماورا ہے۔ آج تاریخ میں سکندرِیونانی کا ایک مقام ہے۔ اسے سکندرِاعظم کہا جاتا ہے۔ ہر حکمران کی یہ دلی خواہش ہوتی ہے کہ کاش اسے بھی ایسا مقام اور مرتبہ حاصل ہو سکے۔ کوئی یہ نہیں سوچتا، کوئی یہ نہیں کہتا کہ اس میں اور ایک بدنام ڈاکو، قاتل اور لٹیرے میں کیا فرق تھا۔ اسے کیا حق پہنچتا تھا کہ وہ لاکھوں بے گناہ لوگوں کو تہ تیغ کر دے، ان کے گھر جلاڈالے اور انہیں ہمیشہ ہمیشہ کے لیے کوچۂ زنداں میں دھکیل ڈالے۔ تاریخ کے تعصب کے سامنے سب اخلاقی آوازیں دب جاتی ہیں۔ سب ضابطے بے بس نظر آتے ہیں۔ یہی تاریخ یہاں بھی دُہرائی گئی۔ کولمبس نے نہ جانے یورپین اقوام کے کان میں کیا پھونکا تھا کہ یورپ کا ہر راستہ امریکہ کی طرف کھلنے لگا۔ ہر للچائی ہوئی نگاہ سونے کی چڑیا پر پڑنے لگی۔ گولڈرش Mad رش میں بدل گیا۔ بارود کی بو نے معطر فضا کو گہنا دیا۔ چارسُو گولیوں کی تڑتڑ، جوان، محنتی جسم جھلسے ہوئے درختوں کی طرح گرنے لگے۔ جائیداد کی حرص وہوس نے اخلاقی ضابطوں کو روند ڈالا۔ عقل عیار ہے سو بھیس بدل لیتی ہے!‘‘ امریکن سامعین نے بے چینی سے پہلو بدلے۔ کچھ دبی دبی آوازیں بھی بلند ہوئیں ... ''میں آپ کے جذبات سمجھتی ہوں، میں بھی آپ میں سے ہوں، ہمارے آبائواجداد ایک تھے۔ ہماری تاریخ بھی ایک ہی ہے۔ شاید ہم ان کے اعمال کے ذمہ دار نہیں ٹھہرائے جاسکتے!‘‘ اس نے گہری نظر سے سامعین کے چہروں پر اُٹھتے ہوئے مدوجزر کا جائزہ لیا۔ ''لیکن تاریخی حقیقتوں کو جھٹلایا نہیں جاسکتا۔ You can not corrupt History۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان ناانصافیوں اور ناجوازیوں کا ازالہ کیا جائے اور شاید کیا بھی جا رہا ہے۔ عدالتیں ان کے حق میں فیصلے دے رہی ہیں۔ حکومت نے مراعات کا حوصلہ افزا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور وہ دن دور نہیں جب ان کے گلے شکوے دور ہو جائیں گے۔ من وتوکی تقسیم ختم ہو جائے گی‘‘۔
''Native کی تعریف کیا ہے؟‘‘ سامعین میں سے کسی نے اُٹھ کر سوال کر ڈالا۔
''یہ ایک اچھا سوال ہے‘‘۔ اس نے اپنے ہاتھ کے اشارے سے اسے بیٹھنے کے لیے کہا۔ ''بحث کے طور پر کہا جا سکتا ہے ارضِ خدا انسانوں کے لیے بنی ہے۔ نقل مکانی ہر دور میں اور تاریخ کے ہر موڑ پر ہوئی ہے۔ آرئین کب ہندوستان آئے؟ یونانی کہاں کہاں گئے، سامراج نے کن خطوں کو ''فیض یاب‘‘ کیا۔ اگر یورپین اقوام سے پہلے ریڈانڈین آئے، آسٹریلیا میں برطانوی سپاہ سے پہلے ایب اور ویجنل موجود تھے تو یہ لوگ کہاں سے آئے تھے؟ کوئی نہ کوئی قوم کہیں نہ کہیں سے ضرور آتی ہے۔ محض وقت کی اکائیاں ان کا حق فائق نہیں کرتیں لیکن جو سلوک ان کے ساتھ روا رکھا گیا وہ یقینا نامناسب تھا۔ انہیں جنگلی سوروں اور کتوں کی طرح مارا گیا‘‘۔ میں ان جملات معترضہ کو یہیں ختم کرتی ہوں کیونکہ وقت نکلا جا رہا ہے۔ ہمیں ان حسین لمحات کو سمیٹنا ہے، اپنی روح میں اُتارنا ہے اور یادگار بنانا ہے۔ پروگرام شروع کرنے سے پہلے ہمیں ایک مقامی رسم پوری کرنی ہے اور وہ یہ ہے ''صندل کی لکڑیوں کے اس گھٹے کو ٹارچ دکھانی ہے۔ آگ کے الائو کی روشنی میں محفل رقص وسرود جمے گی ...‘‘