بہترین قوت فیصلہ ، کامیاب زندگی کی ضمانت
میرا ایک دوست گزشتہ تین سال سے سگریٹ نوشی کر رہا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ سگریٹ نہیں چھوڑ سکتا۔ یہ اس کے لئے ممکن نہیں ہے۔ ایک دن اس کے سینے میں سخت درد اٹھا تو وہ ڈاکٹر کے پاس گیا۔ ڈاکٹر نے کئی ٹیسٹ کرنے کے بعد کہا کہ اس کے قلب کی حالت نازک ہے اور اگر اس نے سگریٹ نوشی نہ چھوڑی تو اگلے چھ ماہ میں اسے شدید حملہ قلب ہو سکتا ہے جو جان لیوا بھی ہو سکتا ہے۔ موت کے خیال نے یک سر اسے جذباتی طور پر اتنا قوی کر دیا کہ اس دن کے بعد اس نے سگریٹ کو ہاتھ نہیں لگایا۔اگر آپ اپنے تئیں واقعی اس کے قائل ہیں کہ آپ کو کامیاب زندگی گزارنی ہے اور دنیا کی کوئی طاقت ایسی نہیں جو آپ کو آپ کی من چاہی زندگی سے روک سکے تو آپ دنیا کی ناقابل تسخیر قوت بن جائیں گے۔ آپ کے یقین کی گہرائی اور عزم کی مضبوطی حیران کن طور پر آپ کی قوت بڑھا دے گی۔ اگر آپ کو اپنی قابلیت پر یقین ہے تو آپ کامیاب ہو جائیں گے۔ خود اعتمادی کا تعلق اندر سے ہے اگر آپ کے اندر چار چیزیں ہیں تو آپ کے اندر خود اعتمادی پروان چڑھے گی۔
وضاحت: یہ ٹھیک ٹھیک فیصلہ کیجئے کہ آپ کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں اور کس قسم کے انسان بننے کے خواہش مند ہیں۔
یقین: اپنے اوپر یہ غیر متزلزل یقین رکھیے کہ آپ کے ذہن میں جو کچھ ہے اور آپ جو چاہتے ہیں وہ آپ کر سکتے ہیں۔
عزم: یہ پانے کیلئے جو کچھ کرنا ضروری ہے وہ کرنے کا تہیہ کیجئے۔ آپ کے اہداف کی جو قیمت ہے وہ ادا کرنے کیلئے تیار رہیں۔
مستقل مزاجی: روزانہ اپنے اہداف پر کام کیجئے۔ ہر صبح، دوپہر، شام، رات خواہ یہ مقدار میں قلیل ہی ہو، آپ اپنے اہداف کی تکمیل کیلئے چند قدم ضرور اٹھائیں۔ جب آپ اپنے اہداف کو وضاحت، یقین، عزم اور مستقل مزاجی کے ذریعے قوی کریں گے تو آپ کے اندر خود اعتمادی بڑھتی چلی جائے گی۔
خود اعتمادی کے حصول میں اہداف کی اہمیت اس لئے زیادہ ہے کہ جب آپ کوئی بڑا ہدف طے کرتے ہیں تو آپ کا ذہن متحرک ہو جاتا ہے، واضح اہداف آپ کو غیر متوقع حادثات سے بچاتے ہیں اہداف کو واضح سمت کا احساس دیتے ہیں اور یہ اطمینان کہ آپ کی زندگی آپ کی اپنی مرضی کے مطابق ہے۔اہداف آپ کو طاقت، مقصداور فوکس کا احساس دیتے ہیں۔یہ آپ کو محسوس کراتے ہیں کہ آپ کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ آپ کے طے شدہ منصوبے کا حصہ ہے۔اہداف کے تعین اور منصوبہ بندی کی صلاحیت کامیابی کی بنیادی مہارت ہے جس کے بغیر شاید ہی کامیابی ممکن ہو۔باقاعدہ ہدف کا تعین اور ہدف کا حصول ایسی عادت ہے جسے کسی بھی دوسری عادت سے کہیں زیادہ سیکھنے کی ضرورت ہے۔ اپنی زندگی میں ، میں نے ہزاروں طالب علموں کو دیکھا جنہوں نے اہداف کا تعین کیا انہوں نے حیران کن فوائد حاصل کئے۔مجھے میرے لوگ ایسی حقیقی کہانیاں روزانہ بھیجتے رہتے ہیں جن سے پتا چلتا ہے کہ جب انہوں نے اپنے اہداف لکھے تو ذاتی اور معاشی دونوں سطح پر ان کی زندگی میں کئی گنا بہتری آئی۔
یاد رکھئے جو کام ہم کرتے ہیں وہ ہمارے خوف یا خواہش کا نتیجہ ہوتا ہے، خوف ہمیشہ انسان کا سب سے بڑا دشمن رہا ہے۔ یہ آپ کی خود اعتمادی کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ اپنے اہداف کے تعین کا آغاز کرتے ہوئے سب سے پہلے آپ کو اپنے ذہن میں موجود ہر قسم کے خوف کو ذہن سے باہر جھٹکنا ہو گا۔ آپ کو سوچنا ہو گا کہ آپ ممکنات کی کائنات میں آزادی سے گھوم پھر رہے ہیں۔