آن لائن انٹرویو کیسے دیں؟
کورونا نے پوری دنیا کے نظام زندگی کو متاثر کیا ہے اور آج بھی زندگی مکمل طریقے سے معمول پر نہیں آ سکی۔مقامی اور بین الااقوامی کمپنیوں نے زیادہ تر ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایات دی ہیں گو کہ اب ملازمین دفتروں میں بیٹھ کر بھی کام کر رہے ہیں لیکن اب بھی اکثر ممالک میں '' ورک فرام ہوم‘‘ کو ترجیح دے رہے ہیں۔کورونا سے قبل کمپنیاں اپنے دفاتر میں انٹرویو لیا کرتی تھیں ، لیکن اب زیادہ تر ادارے آن لائن انٹرویو کرتے ہیں ۔آن لائن انٹرویو کے دوران آپ کو متعدد قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اچانک بجلی بند ہو سکتی ہے، انٹرنیٹ کنکشن بند ہو سکتا ہے اور آپ کے لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر میں کوئی بھی تکنیکی خرابی ہو سکتی ہے ۔اس قسم کی صورتحال سے بچنے کے لئے آن لائن انٹرویو کے دوران چند اہم نکات کا خاص خیال رکھیں۔
کمپیوٹر سیٹ اپ:آن لائن انٹرویو کے مقررہ وقت سے پہلے اپنے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کو ہر طرح سے چیک کر لیں اور تسلی کر لیں کہ وہ ٹھیک سے کام کر رہے ہیں۔انٹرنیٹ کنکشن بھی چیک کر لیں۔کوشش کریں کہ آپ کا سیٹ اپ انٹرویو شروع ہونے سے 10منٹ پہلے تیار ہو۔جس کمرے میں آپ نے انٹر ویو دینا ہے اس کو صاف ستھرا رکھیں۔انٹر ویو شروع ہونے سے پہلے اپنے آڈیو مائیک کو بھی اچھی طرح چیک کر لیں اور اس بات کی تسلی کر لیں کہ وہ آپ کی آواز ٹھیک سے دوسری جانب پہنچا رہا ہے یا نہیں۔ لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر کی سکرین کو خود سے اتنے فاصلے پر رکھیں کہ انٹرویو کرنیوالے کو آپ ٹھیک سے نظر آسکیں۔
کمرے میں روشنی کا خیال رکھیں: انٹرویو دیتے وقت کمرے میں مناسب روشنی ہو جس سے آپ کی ویڈیو کوالٹی پر اثر نہ پڑے اور آپ کا چہرہ نمایا ں نظر آئے۔ کمرے میں خاموشی ہونی چاہئے کوشش کریں کمرے میں کوئی غیر متعلقہ شخص موجود نہ ہو۔ گھر کے کسی سمجھ دار شخص کو اپنے ساتھ کمرے میں بٹھائیں تاکہ کسی ایمرجنسی یعنی بجلی بند ہونے یا انٹرنیٹ میں کسی مسئلے کی صورت میں آپ کی مدد کر سکے۔ کوشش کریں کہ انٹر نیٹ کے لئے ایک متبادل ڈیوائس پاس رکھیں۔
ذہنی طور پر تیار رہیں:آن لائن انٹر ویو کے لئے آپ کا ذہنی طور پر پر سکون رہنا بہت ضروری ہے ،انٹر ویو کے دوران اگر کوئی تکنیکی خرابی آجائے یا بجلی چلی جائے تو گھبرائیں بالکل نہیں اورپرسکون رہیں ۔فوراً کمپنی کو کال کر کے اپنا مسئلہ بتائیں۔ آئن لائن انٹر ویوکے دوران ہوسکتا ہے انٹرویو لینے والا آپ کی بات اس طرح سے نہ سن رہا ہو جس طرح سے آپ سنجیدگی سے انٹرویو دے رہے ہیں۔ہو سکتا ہے کہ انٹرویو لینے والا کسی کام میں مصروف ہو، آپ نے اس طرح کی صورتحال میںپریشان نہیں ہونا بلکہ اپنی بات مکمل کرنی ہے۔
انٹرویو کے ممکنہ سوالات کے جوابات پہلے سے ہی تیار کر لیں اور جو آپ کہنا چاہتے ہیں ایک مرتبہ اس کی پریکٹس کر لیں تاکہ آپ پراعتماد ہو کر جواب دے سکیں۔ انٹرویو شروع ہونے سے پہلے جس کمپنی کو آپ انٹرویو دے رہے ہیں اس کی تاریخ اور کام کے متعلق تحقیق کر لیں۔ اگر انٹرویو لینے والا شخص مسلسل آپ کی جانب دیکھ رہا ہے تو گھبرانے کی ضرورت نہیں آپ اپنے کیمرے کی جانب دیکھ کر بات کریں اس سے انٹرویو لینے والے کو یہی لگے گا کہ آپ اس کی جانب دیکھ رہے ہیں اور آپ کی پریشانی بھی دور ہو جائے گی۔
انٹرویو پورٹل:انٹرویو دینے سے پہلے معلوم کریں کہ انٹرویو کس پورٹل پرہو گا یعنی اس کے لیے کونسا آن لائن سافٹ وئیر استعمال ہوگا، اپنے لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر میں پہلے سے اس سافٹ وئیر کو انسٹال کر کے ایک مرتبہ چیک کر لیں۔
انٹر ویو کا طریقہ کار بھی معلوم کر لیں کہ انٹرویو ایک شخص لے گا یا کوئی پینل،اگر پینل انٹرویو ہو گا تو اس کے لئے آپ کو زیادہ تیاری کرنی ہوگی کیونکہ آپ کی ایک سوچ نے مختلف دماغوں سے نکلنے والے سوالات کا جواب دینا ہوگا۔کوشش کریں کہ گھر میں آن لائن انٹرویو دیتے وقت بھی فارمل کپڑے پہنیں ، گھر میں بیٹھ کر انٹرویو دینے کا مطلب یہ ہر گز نہیں کہ انٹرویو بھی گھر میں پہننے والے کپڑوں میں دیا جائے، یاد رکھیں کہ انٹرویو آئن لائن ہونے سے صرف جگہ بدلتی ہے لیکن پروٹوکول وہی رہتے ہیں۔