موسم بدل رہا ہے ،صحت کا خیال رکھیں ،صحت بخش غذا استعمال کرکے موسم سے لطف اندوز ہونا ممکن
موسمِ سرما کی آمد آمد ہے۔ اس موسم کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ کھانے پینے اور پہننے اوڑھنے کے لئے سردیوں کا موسم بہترین ہے۔ تاہم، اس موسم میں بار بار طبیعت کا خراب ہونا، بخار چڑھنا، نزلہ، زکام، کھانسی اور سردی لگنا جیسے مسائل بھی سامنے آتے ہیں۔ ان مسائل سے نمٹنے کے لئے ہمیں اس موسم میں اپنی چند عادتوں کو بدلنے کی ضرورت ہے تاکہ اچھی صحت کے ساتھ آپ اس موسم کا لطف اٹھا سکے۔
مناسب نیند: جب آپ خوابوں کے نگر میں کھوئے ہوئے ہوتے ہیں تو آپ کا جسم خلیات کی مرمت اور خرابیوں کو درست کرنے میں مصروف ہوتا ہے، رات کو 8 سے 9 گھنٹے کی نیند سے آپ کے جسم کو اپنی مرمت اور تندرستی کا موقع مل جاتا ہے اور وہ فلو وائرس کو دور بھگا دیتا ہے۔ اس کے مقابلے میں نیند کی کمی ذہنی تناؤ کی طرح آپ کی جسمانی قوت مدافعت کو کمزور کردیتی ہے جس سے نزلہ زکام کو آسانی سے حاوی ہونے کا موقع مل جاتا ہے۔
ورزش کریں: جسمانی سرگرمیوں کے ذریعے اپنے خون کو جوش دلانا خون میں سفید خلیات کے وائرس کو نشانہ بنانے والی سرگرمیوں کو بڑھا دیتا ہے، دن بھر میں ایک گھنٹے کی ورزش چاہے وقفوں میں ہی کی جائے، بہت فائدہ مند ہوتی ہے اور ضروری نہیں کہ آپ بھاری وزن کے ساتھ ورزش کریں صرف چہل قدمی، سیڑھیاں اترنا چڑھنا بھی سردیوں میں ہر ایک کو لاحق ہوجانے والے نزلے زکام سے زبردست تحفظ فراہم کرتا ہے۔
زنک (جست): درست مقدار میں صحت بخش غذا اور منرلز خوراک کا لازمی حصہ ہونے چاہئیں اس سے جسم کو فلو وائرس کے خلاف جنگ کیلئے بھرپور طاقت مل جاتی ہے۔ اس کا ایک مطلب یہ بھی ہے کہ چربی والی غذاؤں اور زیادہ مٹھاس سے گریز کرکے سبزیوں، پھلوں اور کم پروٹین والے کھانوں کا استعمال کیا جانا چاہئے اور ان صحت بخش غذائی اجزاء میں سے ایک زنک ہے جو خاص طور پر فلو سیزن کیلئے بہترین ثابت ہوتا ہے۔ زنک جسم کے اندر خلیات میں وائرس کی رسائی میں مداخلت کرتا ہے اور صاف ظاہر ہے نزلے زکام کی تکلیف لاحق نہیں ہوتی، ویسے کاجو بھی زنک سے بھرپور خشک میوہ ہے۔
لہسن کا استعمال: جراثیم کش خاصیت سے بھرپور یہ سبزی موسم سرما کے مخصوص بیکٹیریا اور وائرس وغیرہ کے خلاف بھرپور مزاحمت کرتی ہے۔ اس میں شامل جز الیسین انفیکشن کو بلاک کرتا ہے اور چکن سوپ کے ساتھ اسے استعمال کریں آپ کو اس کے فوائد یقیناً حیران کرکے رکھ دیں گے۔
مناسب مقدار میں پانی پئیں: اچھی بات یہ ہے کہ سردیوں میں ہم میں سے اکثر افراد گرم گھروں میں رہائش کا لطف لیتے ہیں مگر اس کے کچھ نقصانات بھی ہیں، اس سے گھر کے اندر کی ہوا ہمارے جسموں کو خشک کردینے کا باعث بن جاتی ہے۔ مناسب نمی کے بغیر جسمانی دفاعی نظام میں سرگرم خلیات بھرپور طریقے سے کام نہیں کرپاتے تو یہ ضروری ہوتا ہے کہ جسم میں پانی کی مقدار کو مناسب سطح پر رکھا جائے۔
ہنسی بہترین علاج: مثبت رویہ آپ کو ہر میدان میں کامیابی دلاسکتا ہے بلکہ یہ عمر کی بھی سنچری مکمل کراسکتا ہے۔ زندگی میں ہنسی کو عادت بنا لینے سے آپ کو سردیوں میں نزلہ کی روک تھام میں مدد مل سکے گی۔ ابھی تک ہنسی کے اس انوکھے فائدے کے بارے میں طبی سائنس زیادہ وضاحت تو نہیں کرسکی ہے مگر خیال کیا جاتا ہے کہ دل کھول کے ہنسنے سے جسمانی دفاعی نظام میں مخصوص خلیات کی تعداد بڑھتی ہے جس سے فلو وائرس کو حملے کی صورت میں ناکامی کا سامنا ہوتا ہے۔
مساج (مالش): ذہنی تناؤ میں کمی کیلئے پسندیدہ حل یعنی مساج آپ کو جسمانی طور پر صحتمند رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مساج کے نتیجے میں خون کی گردش میں اضافہ ہوتا ہے جس سے جسمانی صحت میں بہتری آتی ہے اور اس دوران خون میں بہتری سے خوراک میں موجود غذائی اجزاء بہتر طریقے سے اپنا کام کرپاتے ہیں۔
نمکین پانی: نمکین پانی آپ کے ناک کے اندرونی حصے کھول کر الرجی کا سبب بننے والی اشیاء کو دور کردیتا ہے یا ان کی شدت میں کمی لے آتا ہے۔
ہلدی ایک دوا بھی: ہلدی کو اپنے سالن اور سوپ میں شامل کرنے سے لذت اور رنگ ہی شاندار نہیں ہوتا ہے بلکہ یہ ناک کو کھولنے والی ایک دوا کی طرح بھی کام کرتی ہے، اس سے درد کرتے گلے کو سکون ملتا ہے اور کھانسی کی شدت میں کمی آتی ہے، سونے سے قبل گرم ہلدی والا دودھ پئیں۔