لامحدود ہوکر سوچئے! اہداف تعین آپ کی جسمانی و ذہنی توانائی کو بڑھاتا ہے
اپنے اہداف کے تعین کا آغاز کرتے ہوئے سب سے پہلے آپ کو اپنے ذہن میں موجود ہر قسم کی حدود کو ذہن سے باہر جھٹکنا ہوگا۔ آپ کو سوچنا ہوگا کہ آپ ممکنات کی کائنات میں آزادی سے گھوم پھر رہے ہیں۔ آپ کا پہلا کام یہ ہے کہ بڑے خواب دیکھیں اور وہی طے کریں جو آپ واقعی اپنی زندگی میں حاصل کرنا چاہتے ہیں، خواہ اس کا تعلق زندگی کے کسی بھی شعبے سے ہو۔ اس سے پہلے کہ آپ یہ سوچیں کہ کیا ممکن ہے، یہ طے کیجئے کہ کیا درست ہے۔ تصور کیجئے کہ آپ جو کچھ چاہتے ہیں، حقیقتاً وہ سب کچھ حاصل کر سکتے ہیں، بن سکتے اور کر سکتے ہیں جو آپ چاہتے ہیں۔
اوّل، اپنے خوابوں کی فہرست بنایئے۔ عارضی طور پر یہ سوچئے کہ آپ کے پاس وقت، دولت، معلومات، تعلقات، تجربات اور تعلیم کی کوئی حد نہیں ہے۔ تصور کیجئے کہ آپ جو کچھ اس کاغذ پر لکھ سکتے ہیں وہ سب کچھ آپ کیلئے ممکن ہے۔ یاد رکھئے۔ آپ کاغذ پر جو کچھ واضح طور پر لکھتے ہیں وہ ممکن ہے، بشرطہ یہ کہ آپ اس کیلئے کافی طویل اور کافی سخت محنت اور قربانی کیلئے تیار ہیں۔
بڑے اور چیلنج والے اہداف لکھنے کا عمل تین کام کرتا ہے۔
اوّل: فوری طور پر آپ کے خیالات بہتر ہوتے ہیں اور آپ کی خود اعتمادی کی سطح بلند ہو جاتی ہے۔اہداف کے تعین کا اقدام خود اعتمادی مانگتا ہے اور اس کے ساتھ خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے۔ آپ جو کچھ چاہتے ہیں، اسے لکھنے کی جرأت آپ کی اس لاشعوری شبیہ کو بہتر کرتی ہے جو آپ نے اپنے تئیں گھڑ رکھی ہے اور پھر خود توقیری (سیلف اسٹیم) میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ اہداف لکھنے کا عمل بذات خود شخصی قوت اور قابلیت کا احساس پیدا کرتا ہے۔
دوم: آپ اپنی ذہنی اور جسمانی قوتوں کو جلاتے ہیں۔ اہداف کا تعین دراصل آپ کے جسمانی اور ذہنی توانائی کو بڑھاوا دیتا ہے۔ آپ کے دل کی رفتار اور سانس کی رفتار بڑھ جاتی ہے۔ اہداف کے تعین کا اقدام بہت ہی ولولہ انگیز ہوتا ہے۔ گویا، آپ اپنی جسمانی اور ذہنی قوتوں کی رفتار بڑھا دیتے ہیں۔ اگر آپ یہ کام روزانہ کریں تو نتیجہ حیران کن ہوگا۔
سوم: کاغذ پر عہد کیجئے، کاغذ پر ہدف کے تعین کا عہد حیرت انگیز طور پر آپ کے اہداف کے حصول کے امکان میں اضافہ کر دیتا ہے۔ آپ کا ذہن اس انداز سے بنایا گیا ہے کہ وہ ہدف کو واضح طور پر کاغذ پر (اور کمپیوٹر پر بھی) نہیں لکھ سکتا۔ ایسے میں جب آپ ہدف تحریر کرتے ہیں تو یہ اس کے حصول کی اہلیت بھی پیدا کر دیتا ہے۔
ایسی کئی ذہنی مشقیں ہیں جو آپ اپنے اہداف کے تعین کیلئے کر سکتے ہیں۔
-1تصور کیجئے کہ آپ کے پاس دس لاکھ کا کیش ہے اور آپ اس رقم سے جو کچھ چاہتے ہیں وہ سب کر سکتے ہیں۔ آپ سب سے پہلے کیا کریں گے؟ آپ کہاں جائیں گے؟
آپ اپنی زندگی میں کیا تبدیلیاںلائیں گے؟ اگر آپ کے پاس مکمل معاشی آزادی ہے تو آپ اب کے مقابلے میں کیا مختلف انداز سے کریں گے؟
-2اپنی مثالی زندگی واضح کیجئے۔ تصور کیجئے کہ آپ اپنی مثالی زندگی گزار رہے ہیں۔ آپ ملک کے کس حصے میں رہنا پسند کریں گے؟ آپ کس قسم کی کمپنی میں کام کرنا پسند کریں گے؟ آپ کس قسم کی رہائش اور کار چاہیں گے؟ آپ اپنا وقت اور زندگی کیسے گزارنا چاہیں گے؟ آپ کس قسم کے تعلقات چاہیں گے؟
-3اپنے آپ سے پوچھئے کہ اگر آپ کو پتا چلے کہ آپ کے پاس مزید زندہ رہنے کو صرف چھ ماہ باقی ہیں تو آپ کیسی زندگی گزاریں گے؟ اگر آپ کی زندگی میں کوئی حدود نہ ہوں تو آپ یہ چھ ماہ کیسے گزاریں گے؟ ایک اور طریقہ یہ ہے کہ آپ خود سے پوچھیں۔'' میرے لئے کیا اہم ہے‘‘؟ آپ یہ وقت کس کے ساتھ گزارنا پسند کریں گے؟ آپ کیا کرنا چاہیں گے؟
-4اپنی زندگی کی تمام پریشانیوں اور مسائل کی فہرست بنایئے اور ایک ایسا ہدف لکھئے ۔ اگر پیسہ مسئلہ ہے تو وہ مقدار لکھئے کہ آپ کو کتنی رقم کی ضرورت ہے؟
-5اپنی فیملی اور رشتے داروں کے بارے میں سوچئے اپنے خاندان کی مثالی کیفیت بیان کیجئے اور فرداً فرداً تمام رشتے داروں، خاص کر قریبی رشتے داروں سے اپنے تعلق کو واضح کیجئے کہ وہ کیسا ہونا چاہئے۔
-6اپنی صحت کی طرف دیکھئے۔ بیان کیجئے کہ آپ کیلئے مثالی صحت اور تندرستی کیا معنی رکھتی ہے۔ پھر اس معیار کے مطابق اپنی صحت و تندرستی کے حصول کا پلان بنایئے۔
-7اس شخصیت (ذاتی اور پیشہ ورانہ طور پر) کی وضاحت کیجئے جیسی شخصیت آپ خود کو بنانا چاہتے ہیں۔ پھر اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ نمو کیلئے پلان بنایئے کہ آپ کیوں کر مطلوبہ شخصیت پا سکتے ہیں۔ ان مشقوں کے بعد کہ جب آپ نے اپنے اہداف لکھ لئے ہیں۔ اگلا مرحلہ ان اہداف کو زندگی کے اہم شعبوں میں تقسیم کرنے کا ہے۔ انسانی زندگی کے چھ بنیادی شعبے ہیں ۔
-1روحانی اہداف
-2معاشی اور مادی اہداف
-3خاندان اور ذاتی اہداف
-4صحت اور تندرستی کے اہداف
-5خود نموئی(سیلف امپروومنٹ) اور تعلیمی اہداف
-6سماجی اور معاشرتی اہداف
اپنی زندگی میں بہترین کرنے کیلئے آپ کو اپنی زندگی میں توازن رکھنا ہوگا۔ اس کا مطلب ہے کہ ان تمام شعبوں میں آپ کے کچھ اہداف ضرور ہوں تاکہ آپ تمام اہم شعبوں میں آگے بڑھ رہے ہوں۔