آج کا دن
سالگرہ :مولانا ظفر علی خان
مولانا ظفر علی خان 19جنوری 1873ء کوپیدا ہوئے۔ برصغیر پاک و ہند کی تاریخ میں انہیں ایک عظیم سیاسی رہنما، جیّد صحافی، ادیب، شعلہ بیاں مقرر، بے مثل نقاد اور آزادی کیلئے جدوجہد کرنے والے قلم کار کی حیثیت سے یاد کیا جاتا ہے۔ ان کی ایک کاوش ''زمیندار‘‘ اخبار ہے۔ ان کے اداریوں کو بہت زیادہ اہمیت دی جاتی تھی۔ بابائے صحافت کا لقب پایا۔ متعدد تصانیف منظر عام پر آئیں جن میں نثری اور شعری مجموعے شامل ہیں۔ 27 نومبر 1956ء کو زندگی کا سفر تمام ہوا۔
گلوکارہ روشن آرا بیگم
کلاسیکی موسیقی کی نامور گلوکارہ روشن آرا بیگم 19جنوری 1917ء میں کلکتہ میں پیدا ہوئیں اور تقسیم کے بعد پاکستان ہجرت کی جہاں گلوکاری کے میدان میں انھوں نے نام و مقام بنایا۔''پہلی نظر، جگنو، قسمت، نیلا پربت‘‘ سمیت کئی فلموں کے لیے اپنی آواز میں لازوال گیت ریکارڈ کروائے۔ انہوں نے کلاسیکی موسیقی کے دلدادہ ایک پولیس افسر احمد خان سے شادی کی۔ملکہ موسیقی کی زندگی کا سفر 6 دسمبر 1982ء کو تمام ہوا۔
برسی منو بھائی
معروف شاعر، ڈرامہ نگار و کالم نویس منو بھائی 19جنوری 2018ء کو دنیا فانی سے رخصت ہوئے۔ اصل نام منیر احمد قریشی تھا، ان کی کالم نگاری کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں مانا جاتا تھا۔ ''سونا چاندی‘‘ اور '' جھوک سیال‘‘ سمیت کئی مقبول ڈرامے بھی تحریر کیے۔ان کی مشہور تصانیف میں محبت کی ایک سو نظمیں، جنگل اداس ہے اور انسانی منظر نامہ شامل ہیں۔ انہوں نے تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کیلئے ایک تنظیم کی بنیاد رکھی۔ حکومت پاکستان نے انہیں '' تمغہ برائے حسن کارکردگی‘‘ سے نوازا۔
اداکار سدھیر
پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور ایکشن ہیرو سدھیر آج کے دن اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ سدھیر پہلے سپر سٹار، اردو اور پنجابی فلموں کے یکساں مقبول اداکار تھے۔ 38برسوں پر محیط ان کا فنی کریئر قیام پاکستان سے قبل شروع ہوا۔ 1949ء میں ریلیز ہونے والی فلم ''ہچکولے‘‘ان کی پہلی پاکستانی فلم تھی۔ وہ آخری بار فلم ''ان داتا‘‘( 1987ء) میں جلوہ گر ہوئے۔ ان کے کریڈٹ پر 173فلمیں ہیں، جن میں 70اردو، 101پنجابی، ایک پشتو اور ایک بھارتی فلم شامل ہے۔
شاعر سید رضی ترمذی
ممتاز شاعر اور براڈ کاسٹر سید رضی ترمذی ستمبر 1926ء میںپیدا ہوئے۔ 1949ء میں ریڈیو پاکستان سے وابستگی اختیار کی اور 1985ء میں ڈپٹی کنٹرولر کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ ان کا شمار ملک کے منفرد شعراء میں ہوتا تھا۔ ان کی نظموں اور غزلوں پر مشتمل مجموعہ کلام ''یادوں کا موسم‘‘ شائع ہوا۔ انہوں نے منظوم ڈرامے لکھے اور انہیں خود پروڈیوس کیا۔ ان ڈراموں پر مشتمل کتاب ''مثال کے طور پر‘‘ کے نام سے شائع ہوئی۔ 19جنوری2013ء میں ان کا انتقال ہوا۔
اہم واقعات ٹور ڈی فرانس کا آغاز
دنیا کے مشہور سائیکل دوڑ کے مقابلے ٹور ڈی فرانس کا پہلی دفعہ انعقاد 19جنوری 1903ء کو ہوا۔ جس کا فاصلہ 2428 کلومیٹر تھا اوراس میں 59 سائیکل سوارشریک ہوئے، صرف 20 سائیکل سوار ہی اختتامی حد کو عبور کر سکے۔