اپنی روشنی اپنا سفر، ذات کا ادراک کریں، رویے سوچ کا عکاس ہوتے ہیں
اللہ تعالیٰ نے تمام انسانوں کو برابر پیدا فرمایااور سب کو صفات سے نوازا ہے۔ اب یہ انسان پر منحصر ہے کہ وہ ان صفات کا کیسے استعمال کرتا ہے اور کیسے ان کو بروئے کار لا کر ان سے فائدہ اٹھاتا ہے۔
اس دنیا میں بے شمار انسان بستے ہیں۔ ہر خطے، ہر علاقے میں موجود مختلف تہذیب رکھنے والے انسان ہیں۔ ان میں کچھ انسان کامیابیوں کی بلندیوں کو چھو رہے ہیں اور کچھ آج تک پستیوں میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ جب رب نے ہمیں برابر پیدا کیا ہے تو کیا وجہ ہے کہ ایک ملک، ایک ہی طرح کے حالات میں زندگی گزارنے والے افراد کچھ امیر ہیں اور کچھ غریب۔ کچھ کو عقلمند خیال کیا جاتا ہے اور کچھ کم عقل مانے جاتے ہیں؟ کچھ بہت کامیاب اور خوشحال زندگی گزار رہے ہیں جبکہ کچھ ناکامی اور ناامیدی کی۔
اپنی ذات کا اعتراف:کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ کی کون سی صلاحیتیں ایسی ہیں جنہیں استعمال کرکے آپ دوسروں کو اور خود کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں؟ کامیاب لوگ اس لئے کامیاب ہیں کہ وہ خود کو Discoverکر لیتے ہیں۔ انہیں اپنی صلاحیتوں کا علم ہوتا ہے۔ وہ جانتے ہیں کہ ان میں کیا اچھا ہے اور کیا برا۔ وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ اس خامی کو کیسے ختم کر سکتے ہیں یا اچھائی میں بدل سکتے ہیں۔
آج کے دور میں ہم خود کی بجائے دوسروں کو Discoverکرنے میں لگے ہوتے ہیں کہ فلاں ایسا اور فلاں ویسا۔ یہ روش محض اپنا وقت ضائع کرنے کے مترادف اوربے سود ہے۔ اگر اس وقت کا 20فیصدہم اپنی بابت سوچنے اور خود کو بہتر کرنے پر صرف کریں تو اس کے بہت شاندار نتائج مل سکتے ہیں۔ جب آپ کو معلوم ہو جائے کہ آپ کی قوت اور صلاحیت کیا ہے۔ آپ کی اقدار کیا ہیں تو پھر خود بخود آپ ان کا استعمال شروع کر دیں گے اور یہی آپ کی ترقی اور کامیابی کی پہلی سیڑھی ہو گی۔
یقین:آپ جس چیز پر یقین رکھتے ہیں وہ ایقان حقیقت میں بدل جاتے ہیں۔ کامیاب افراد کو اللہ کی ذات کے بعد خود پر اور اپنی صلاحیتوں پر کامل یقین ہوتا ہے۔ اس یقین کو لے کر وہ اپنے مقصد کی طرف بڑھتے ہیں اور کامیابی ان کے قدم چومتی ہے۔ جو لوگ اللہ کی ذات پر بھروسہ رکھتے ہیں وہ زندگی کی دوڑ میں کبھی تھکان محسوس نہیں کرتے۔
انتھک اور مسلسل محنت: کامیاب افراد کی کامیابی مسلسل اور انتھک محنت کا نتیجہ ہوتی ہے۔ وہ اپنے مقصد کو حاصل کرنے کیلئے وقت کی پابندی سے بالاتر ہو کر کام کرتے ہیں اور بالآخر ایک دن وہ اس خواب کو پا لیتے ہیں جو انہوں نے دیکھا ہوتا ہے۔ اہم یہ نہیں کہ آج آپ کہاں کھڑے ہیں بلکہ اہم یہ ہے کہ آپ نے عزم کے ساتھ کن منزلوں کو طے کرنے کا سوچا ہے۔ محنتی ہاتھ میں مٹی بھی سونا بن جاتی ہے اور کام چور ہاتھ سونا بھی مٹی کر دیتا ہے۔
وقت کی قدر:کامیاب افراد نہ صرف وقت کی قدر کرتے ہیں بلکہ وقت کا صحیح استعمال کرکے فوائد اٹھاتے ہیں۔ ہمارے ہاں اکثر لوگ دوسروں کی ناانصافیوں کا رونا روتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ وہی لوگ بے کار بیٹھ کر اپنا بہت سا قیمتی وقت گنوا دیتے ہیں۔جب آپ وقت کو ضائع کرتے ہیں تو پھر وقت بھی آپ کو ضائع کرنا شروع کر دیتا ہے۔ اگر ہم بے کار، فضول باتوں کے بجائے ایمانداری اور محنت کے ساتھ اپنا کام کریں تو نہ صرف دوسرے لوگوں میں آپ کی عزت ہو گی بلکہ آپ اللہ کی بھی خوشنودی حاصل کر پائیں گے اور یہی رویہ آپ کو کامیابی کی طرف لے جاتا ہے۔
رویہ: آپ کا رویہ آپ کی کامیابی میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ آپ کا رویہ آپ کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، جس قدر آپ کی سوچ مثبت ہو گی آپ کا رویہ بھی اتنا ہی مثبت ہوگا ۔ مثبت رویئے والے شخص کو سب پسند کرتے ہیں۔ جس شخص کی سوچ منفی ہوگی اس کا رویہ بھی منفی ہوگا اور وہ سب کیلئے ناپسندیدہ خیال کیا جائے گا۔ یہی رویہ اس کی کامیابی میں رکاوٹ بن جاتا ہے۔ہمیشہ اپنے رویے پر نظر رکھیں ۔
قدرت اسی قانون کے تحت چل رہی ہے کہ ''جو بیج بوئو گے وہی کاٹو گے‘‘۔ ہمیشہ اپنا رویہ اور اپنی سوچ مثبت رکھیں۔ حالات خواہ کیسے ہی کیوں نہ ہوں اللہ کی ذات پرکامل بھروسہ رکھیں۔ انشا اللہ وہی راستہ نکالنے والی ذات پاک ہے۔ رویہ انسان کی کامیابی میں سب سے اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ رویے سے ہی ظاہر ہوتا ہے کہ آئندہ زندگی میں وہ کیسا انسان بن سکتا ہے۔کامیاب انسان بننے کیلئے اپنی سوچ اور رویہ مثبت رکھیں۔
واضح مقصد:زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے جو سب سے اہم لازمی جزو ہے وہ ہے آپ کی زندگی کا واضح مقصد۔ اگر کامیاب افراد کی طرف دیکھیں تو ان کی کامیابی کسی خاص فیلڈ سے منسوب ہوتی ہے جیسا کہ کوئی کسی خاص کھیل میں مشہور اور کامیاب ہے، کوئی کسی ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر میں، کوئی سیاست میں، کوئی بزنس میں اور کوئی شوبز میں۔الغرض کامیابی حاصل کرنے کیلئے کسی مخصوص ہدف کا ہونا ضروری ہے اور اس ہدف کا تعین آپ نے اپنی صلاحیتوں کو مد نظر رکھ کر کرنا ہوتا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے اس دنیا میں کوئی شے بے کار نہیں پیدا کی تو کیسے ممکن ہے انسان جیسی شاہکار تخلیق کو بے مقصد پیدا کر دیا ہو۔ لہٰذا اپنی زندگی کا مقصد تلاش کریں کہ اللہ نے آپ میں وہ کون سی صلاحیتیں اور خوبیاں رکھی ہیں جن سے آپ خود بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور دوسروں کو بھی فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔ جب آپ کو وہ مقصد مل جائیگا تو آپ اس کو حاصل کرنے کیلئے مسلسل محنت کرتے ہیں۔ آخر ایک دن اس کو حاصل کر لیتے ہیں اور کامیابی کی سیڑھیاں چڑھتے چلے جاتے ہیں۔ کامیابی کسی منزل کا نام نہیں بلکہ یہ ایک ایسا سفر ہے جس کی کوئی حد نہیں لیکن یہ ایک ایسا سفر ہے جس میں سکون، خوشی، دولت، آرام سب کچھ میسر ہوتا ہے۔ تو آیئے ہم بھی عزم کرتے ہیں کہ اس سفر پر چل نکلنا ہے اور اس افراتفری کے دور میں خود کو منوا کر بہت آگے جانا ہے۔
صرف اپنی روشنی میں طے کرو اپنا سفر
راہ میں جگنو، ستارہ یا دیا کچھ بھی نہیں