شکاری ایپس عالمی خطرہ قرار
موبائل ایپلی کیشنز (ایپس) نے جدید ٹیکنالوجی کے دور میں ہماری روزمرہ کی زندگی کو آسان اور بہتر بنا دیا ہے۔ ان ایپس کی مدد سے ہم اپنے مختلف کاموں کو تیزی سے اور آسانی سے مکمل کر سکتے ہیں، چاہے وہ تفریح ہو، کام کاج ہو یا تعلیم۔ یہ ایپس موبائل فونز پر انسٹال کی جاتی ہیں اور مختلف ضروریات کے مطابق اپنی خدمات فراہم کرتی ہیں۔ اگر یہ کہا جائے کہ موبائل ایپس نے انسان کی زندگی میں انقلاب برپا کر دیا ہے تو غلط نہ ہو گا۔
موبائل ایپس نے جہاں انسانی زندگیوں کو فائدہ پہنچایا ہے وہیں بہت سی ایپس ایسی بھی ہیں جنہوں نے انسانی زندگیوں کو اجیرن بنا کر رکھ دیا ہے۔ ماہرین نے ان ایپس کو "شکاری ایپس" کا نام دیا ہے ۔ "شکاری ایپس" وہ ایپلی کیشنز ہوتی ہیں جو صارفین کو دھوکہ دے کر ان کی حساس معلومات چوری کرتی ہیں یا انہیں مالی نقصان پہنچاتی ہیں۔ یہ ایپس عام طور پر جھوٹے وعدے جیسے فوری قرض یا کم شرح سود کے ساتھ صارفین کو اپنی طرف راغب کرتی ہیں، اور بعد میں ان کا استحصال کرتی ہیں۔
یہ ایپس عام طور پر بڑی مہارت سے ڈیزائن کی جاتی ہیں تاکہ صارفین کو ان پر اعتماد ہو اور وہ انہیں اپنے اسمارٹ فونز میں ڈاون لوڈ کریں۔ "شکاری ایپس" کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ صارفین کے مفاد میں نظر آتی ہیں، مگر دراصل ان کا مقصد مالی فائدہ اٹھانا یا معلومات کا غلط استعمال کرنا ہوتا ہے۔
مالی فائدے کے وعدے
شکاری ایپس موبائل صارفین کو اپنی طرف متوجہ کرنے کیلئے پر کشش دعوے کرتی ہیں۔ جیسا کہ فوری قرضوں، کم شرح سود یا دیگر مالی فائدوں کے جھوٹے وعدے کرتی ہیں۔ یہ وعدے اس قدر پرکشش ہوتے ہیں کہ صارفین ان ایپس کو ڈاون لوڈ کرنے میں ہچکچاتے نہیں ہیں۔
حساس معلومات تک رسائی
جب صارف ایپس کو اپنے اسمارٹ فونز میں انسٹال کرتا ہے، تو ایپ ان کی ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کرتی ہے جیسے بینک اکاو¿نٹ کی تفصیلات، کریڈٹ کارڈ کی معلومات، ذاتی شناختی دستاویزات، یا رابطہ نمبر وغیرہ۔
اجازتوں کا غلط استعمال
شکاری ایپس صارفین سے ایسی اجازتیں حاصل کرتی ہیں جو ان کےلئے غیر ضروری ہوتی ہیں۔ مثال کے طور پر، ایپ کو کال لاگ، پیغامات یا دیگر حساس ڈیٹا تک رسائی کی اجازت دینا۔
مقصد: ان ایپس کا مقصد صارف کی معلومات کو چوری کرنا، صارف کو غیر قانونی طریقوں سے قرضوں میں جکڑنا یا ان کی مالی حیثیت کو نقصان پہنچانا ہوتا ہے۔ بعض اوقات یہ ایپس صارفین کو غیر قانونی مالی معاہدوں میں پھنساتی ہیں۔
غلط تجزیہ اور تاثرات
شکاری ایپس عام طور پر مثبت ریویوز اور 5 سٹار کی درجہ بندی کے ساتھ آتی ہیں تاکہ صارفین کو ان پر اعتماد ہو۔ یہ تبصروں میں خود کو حقیقی اور قانونی ایپ کی طرح ظاہر کرتی ہیں۔
سائبر سیکیورٹی کمپنی McAfee نے 15 نقصان دہ ایپس کی نشاندہی کی ہے جو کم از کم 80 لاکھ اینڈرائیڈ فونز پر ڈاون لوڈ کی گئی ہیں اور "شکاری قرض ایپس کے عالمی سطح پر نمایاں اضافے" کے بارے میں خبردار کیا ہے۔کمپنی کے مطابق لاکھوں افراد خطرے میں ہیں کیونکہ انہوں نے اپنے اسمارٹ فونز پر خطرناک ایپلی کیشنز ڈاون لوڈ کی ہیں۔ McAfee نے ان ایپس کو "ایک عالمی خطرہ"قرار دیا ہے۔ ان میں سے کچھ ایپس گوگل پلے اسٹور سے ہٹا دی گئی ہیں، جبکہ دیگر کو ڈویلپرز نے صرف اپ ڈیٹ کر دیا ہے۔
سائبر سیکیورٹی فرم ESET نے گزشتہ سال اسپائی لون ایپس کے بارے میں ایک وارننگ جاری کی تھی، جن میں سے 17 ایپس گوگل پلے اسٹور میں چھپی ہوئی پائی گئی تھیں، اور اینڈرائیڈ صارفین کو ان ایپس کو حذف کرنے کی ترغیب دی تھی۔
شکاری ایپس ایک عالمی سنگین خطرہ ہیں جو صارفین کی معلومات اور مالی حالت کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ ان سے بچاو کےلئے محتاط رہنا ضروری ہے اور ہمیشہ سیکیورٹی کے بہترین طریقوں پر عمل کرنا چاہیے۔