آج کا دن
اسپیشل فیچر
توت عنخ آمون کی دریافت
4 نومبر 1922ء کو برطانوی ماہرِ آثارِ قدیمہ ہاورڈ کارٹر نے مصر کی وادیِ ملوک میں فرعون توت عنخ آمون کا مقبرہ دریافت کیا۔ یہ دریافت قدیم مصر کی تاریخ میں آثارِ قدیمہ کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک سمجھی جاتی ہے۔ کارٹر اور ان کی ٹیم کئی سال سے فرعونی مقبروں کی تلاش میں مصروف تھی۔ 4 نومبر کو جب انہیں ایک زینہ ملا جو زیرِ زمین جا رہا تھا تو اندازہ ہوا کہ وہ کسی اہم مقام تک پہنچ گئے ہیں۔ بعد ازاں 26 نومبر کو جب مقبرے کا دروازہ کھولا گیا تو اندر موجود خزانہ، زیورات، تخت، سونا اور شاہی ممی نے دنیا کو حیران کر دیا۔ یہ واحد فرعونی مقبرہ تھا جو تقریباً مکمل حالت میں ملا۔
ہنگری پر سوویت یونین کا حملہ
1956ء میں ہنگری کے عوام نے سوویت تسلط کے خلاف بغاوت کی جسے ہنگرین ریولوشن کہا جاتا ہے۔ ابتدا میں مظاہرے اصلاحات اور آزادیٔ اظہار کے لیے تھے مگر جلد ہی یہ تحریک سوویت اقتدار کے خاتمے کا مطالبہ بن گئی۔ 4 نومبر کو سوویت یونین نے بغاوت کچلنے کے لیے ٹینک اور ہزاروں فوجی بوداپیسٹ بھیجے۔ ہنگری کی حکومت گر گئی، وزیراعظم ایمری ناگی کو گرفتار کر کے بعد میں پھانسی دی گئی۔ اس فوجی کارروائی میں تقریباً 2500 ہنگرین باشندے مارے گئے جبکہ دو لاکھ سے زائد جلاوطن ہوگئے۔
امریکی سفارت خانے پر قبضہ
4 نومبر 1979ء کو ایرانی طلبہ نے تہران میں امریکی سفارت خانے پر دھاوا بول دیا اور 52 امریکی سفارت کاروں کو یرغمال بنا لیا۔ یہ واقعہ ایرانی انقلاب کے فوراً بعد پیش آیا جب شاہ ایران امریکہ میں تھا اور انقلابی طلبہ نے مطالبہ کیا کہ امریکہ شاہ کو ایران واپس بھیجے تاکہ اس پر مقدمہ چلایا جا سکے۔ یرغمالیوں کو 444 دن تک تحویل میں رکھا گیا ۔ یہ بحران امریکہ اور ایران کے تعلقات میں گہری دراڑ کا سبب بنا۔ اس واقعے نے امریکی سیاست میں بھی بھونچال پیدا کیا جس کے نتیجے میں صدر جمی کارٹر 1980ء کا انتخاب ہار گئے۔
اسحاق رابین کا قتل
4 نومبر 1995 ء کو اسرائیلی وزیراعظم اسحاق رابین کو تل ابیب میں ایک ریلی کے دوران ایک شدت پسند اسرائیلی نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ رابین نے فلسطینی رہنما یاسر عرفات کے ساتھ اوسلو معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کا مقصد اسرائیل اور فلسطین کے درمیان دیرپا امن قائم کرنا تھا۔ قدامت پسند حلقے اس معاہدے کے مخالف تھے۔رابین کے قتل کے بعد اسرائیل بھر میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ دنیا بھر کے رہنماؤں نے رابین کو '' امن کا شہید‘‘ قرار دیا۔
باراک اوباما صدر منتخب
4 نومبر 2008ء کو باراک حسین اوباما نے امریکہ کے صدارتی انتخابات جیت کر تاریخ رقم کی۔ وہ امریکہ کے پہلے افریقی نژااد صدر بنے۔ ان کا نعرہ ''Yes we can‘‘ امریکی عوام میں امید اور تبدیلی کی علامت بن گیا۔ اوباما نے ریپبلکن امیدوار جان مکین کو شکست دی اور 20 جنوری 2009ء کو منصب سنبھالا۔ ان کی جیت نے امریکہ کے نسل پرستی کے تاریک ماضی پر ایک نئی بحث چھیڑ دی اور دنیا بھر میں ان کی قیادت کو امید کی علامت کے طور پر دیکھا گیا۔۔
مصر میں روسی طیارہ حادثہ
4 نومبر 2015 ء کو روسی ایئرلائن میٹرو جیٹ کا طیارہ سینائی میں حادثے کا شکار ہوا۔ طیارہ شرم الشیخ سے روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ جا رہا تھا کہ پرواز کے صرف 23 منٹ بعد ہوا میں پھٹ گیا۔ طیارے میں 224افراد سوار تھے ، تمام ہلاک ہو گئے۔ بعد ازاں تحقیقات سے ثابت ہوا کہ یہ دہشت گرد حملہ تھا جس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی۔