نارتھمپٹن شائر کیخلاف ٹور میچ میں اسد شفیق کی سنچری

 نارتھمپٹن شائر کیخلاف ٹور میچ میں اسد شفیق کی سنچری

135رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ،نصف سنچریاں اسکور کرنے والے ساتھی بیٹسمینوںحارث سہیل اور بابر اعظم کے ساتھ دو تھری فیگرز شراکتوں کی بدولت پاکستان کو سات وکٹوں پر 357رنز تک پہنچا دیا اظہرعلی،امام الحق اور سرفراز احمد ناکامی سے دوچار، تین وکٹوں کی موجودگی میں انگلش کاؤنٹی پر 98رنز کی سبقت حاصل،آف اسپنر راب کیوگ کے تین شکار،اسٹیون کروک نے دو کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا

نارتھمپٹن(اسپورٹس ڈیسک)انگلش کنڈیشنز میں پاکستانی بیٹنگ لائن چل پڑی جب نارتھمپٹن شائر کیخلاف ٹور میچ میں اسد شفیق نے سنچری بنا ڈالی ،وہ دوسرے روز کھیل کے خاتمے پر 135رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ،نصف سنچریاں اسکور کرنے والے ساتھی بیٹسمینوںحارث سہیل اور بابر اعظم کے ساتھ دو تھری فیگرز شراکتوں کی بدولت پاکستان کو سات وکٹوں پر 357رنز تک پہنچا دیا،اظہرعلی،امام الحق اور سرفراز احمد ناکامی سے دوچار ہوئے ، تین وکٹوں کی موجودگی میں انگلش کاؤنٹی پر 98رنز کی سبقت حاصل ہو گئی،آف اسپنر راب کیوگ کے تین شکار نمایاں رہے جبکہ اسٹیون کروک نے دو کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچز کی تیاریاں کرنے والی قومی کرکٹ ٹیم نے دورے کے دوسرے ٹور میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز کسی نقصان کے بغیر چھ رنز سے شروع کی تو اظہرعلی اور امام الحق کی جوڑی دسویں اوور میں ٹوٹ گئی جب اظہر علی کو گاریتھ ویڈ نے 9 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو کردیا،امام الحق نے گیارہ رنز کیلئے 60 گیندیں خرچ کر ڈالیں اور راب کیوگ کا پہلا شکار بن گئے ۔ اگرچہ حارث سہیل اور اسد شفیق نے سست روی کے ساتھ اپنی رفاقت کو آگے بڑھایا لیکن قدم جمانے کے بعد انہوں نے اسٹروکس کھیلنا شروع کر دیئے اور نارتھمپٹن کی جانب سے بنایا گیا اسکور 259 پاکستان کی دسترس میں محسوس ہونے لگا کیونکہ دونوں بیٹسمینوں نے اپنی نصف سنچریوں کا مرحلہ مکمل کرنے کے بعد مجموعی اسکور 177تک پہنچا دیا تھا۔ اننگز کے 59ویں اوور میں 136رنز کی شراکت اس وقت ختم ہو گئی جب حارث سہیل نے بارہ چوکوں کی مدد سے 79رنز بنانے کے بعد راب کیوگ کی بال پر اسٹیون کروک کو کیچ تھما دیا۔ بابر اعظم کی وکٹ پر آمد ہوئی تو انہوں نے روانی کے ساتھ رنز بنانے میں اسد شفیق کا عمدگی سے ساتھ نبھایا اور 20اوورز کے کھیل میں ایک اور سنچری شراکت نے پاکستانی ٹیم کو کھیل پر پوری طرح حاوی کر ڈالا۔ چوتھی وکٹ کی رفاقت میں 110رنز کا اضافہ کر کے بابر اعظم بھی اپنی وکٹ راب کیوگ کے حوالے کر گئے لیکن انہوں نے ریکارڈو ویسکونسیلوس کو کیچ تھمانے سے قبل چھ چوکوں کی مدد سے 57رنز بنا ڈالے تھے ۔اسد شفیق نے اپنی سنچری مکمل کرنے کے باوجود کریز پر قیام کی اہمیت کو اولیت دی جن کو کپتان سرفراز احمد آٹھ اور شاداب خان تین رنز بنا نے کے بعد چھوڑ کر جا چکے تھے اور پاکستان کی چھ وکٹیں 311رنز پر گر چکی تھیں۔آل راؤنڈر فہیم اشرف بھی دس رنز بنا کر اسٹیون کروک کا دوسرا شکار بن گئے لیکن محمد عامر نے اسد شفیق کا دن کے خاتمے تک ڈٹ کر ساتھ نبھایااور امپائرز نے کھیل کے خاتمے کا اعلان کیا تو پاکستان نے سات وکٹوں پر 357 رنز بنا کر 98 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔اسد شفیق گیارہ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 135اور محمد عامر 12رنز پر کھیل رہے ہیں اور پاکستانی بیٹسمینوں کو اچھی بیٹنگ پریکٹس مل گئی ہے ۔انگلش کاؤنٹی نارتھمپٹن شائر کی جانب سے آف اسپن بالر راب کیوگ نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ میڈیم پیسر اسٹیون کروک نے دو کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں