کورونا نے آئی پی ایل کو لپیٹ میں لے لیا،میچ ملتوی

کورونا نے آئی پی ایل کو لپیٹ میں لے لیا،میچ ملتوی

کولکتہ نائٹ رائیڈرز کا دو کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد رائل چیلنجرز بنگلور سے میچ ملتوی کردیا گیا جن پلیئرز کے ٹیسٹ مثبت آئے ان میں ورن اور سندیپ شامل،دونوں میڈیکل چیک اپ کیلئے باہر گئے تھے

لاہور(سپورٹس رپورٹر) کورونا وائرس کی شدت کے باوجود آئی پی ایل کو جاری رکھنے کی بھارتی بورڈ کی ہٹ دھرمی ان ہی کے گلے پڑ گئی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس نے انڈین پریمیئر لیگ کو لپیٹ میں لے لیا،آئی پی ایل فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے دو کھلاڑیوں اور چنئی سپر کنگز کے سپورٹنگ سٹاف میں موجود تین ارکان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے جس کے باعث آئی پی ایل میں گزشتہ رات رائل چیلنجرز بنگلور اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مابین ہونے والا میچ ملتوی کردیا گیا۔بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی کہ کے کے آر کے کیمپ میں کورونا کے کیسز پائے جانے کی وجہ سے آر سی بی ان کے خلاف میدان میں اترنے کے خواہشمند نہیں ہے ،جس کی وجہ سے میچ کو ملتوی کردیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق جن کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میں ورن چکرورتی اور سندیپ واریرز شامل ہیں اور دونوں کھلاڑیوں کو اس وقت کورونا ہوا جب وہ انجری کے باعث میڈیکل چیک اپ کیلئے باہر گئے تھے ۔ دوسری جانب بھارت میں کورونا کی بگڑتی صورتحال کے باوجود نجی لیگ کو جاری رکھنے پر منتظمین کو شدید تنقید کاسامنا ہے ، میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ لیگ کے ملتوی ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں، لیگ کے ملتوی ہونے کے حوالے سے فی الوقت انڈین کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں