کورونا وائرس کا بھارت میں پھیلاؤ آئی پی ایل کو نگل گیا

کورونا وائرس کا بھارت میں پھیلاؤ آئی پی ایل کو نگل گیا

ایونٹ غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی،نئی ونڈو تلاش کر رہے ہیں،برجیش پٹیل

نئی دہلی(اسپورٹس ڈیسک)کورونا وائرس کا بھارت میں پھیلاؤ آخرکار آئی پی ایل کو نگل گیا جب گزشتہ روز ایونٹ غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا تاہم آئی پی ایل کے چیئرمین برجیش پٹیل کا کہنا ہے کہ وہ نئی ونڈو تلاش کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق حالیہ دو روز کے دوران چار کھلاڑیوں اور تین سپورٹ اسٹاف ارکان میں مثبت کوویڈ نتائج نے بی سی سی آئی کو مجبور کردیا کہ وہ ایونٹ کو فی الوقت روک دے لیکن باقی میچوں کے مقام اور تاریخوں کے حوالے سے مسلسل غور کیا جا رہا ہے ۔بھارتی کرکٹ بورڈ کے آفیشلز اس بات کا دعویٰ کرتے نہیں تھک رہے تھے کہ مقابلوں کیلئے تیار کردہ بائیو سیکیور ببل دنیا کا سب سے محفوظ نظام ہے جہاں وائرس کا حملہ آور ہونا کم و بیش ناممکن ہے لیکن ان کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے جب یکے بعد دیگر مثبت نتائج نے ایونٹ کا جاری رکھنا ناممکن بنا دیا۔آئی پی ایل کے چیئرمین برجیش پٹیل کے مطابق ٹورنامنٹ کو فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے البتہ کوئی متبادل ونڈو تلاش کی جا رہی ہے مگر فی الوقت یہ کہنا انتہائی مشکل ہے کہ باقی میچوں کو کب ری شیڈول کیا جا سکتا ہے ۔واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کی معطلی کے بعد غیر ملکی کھلاڑیوں کی بحفاظت وطن واپسی کے متعلق بھی غور کیا جا رہا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں