قومی کرکٹ ٹیم کی چارٹرڈ فلائٹ سے بدھ کو لاہور واپسی

قومی کرکٹ ٹیم کی چارٹرڈ فلائٹ سے بدھ کو لاہور واپسی

پاکستانی کھلاڑیوں کو واپس لانے کیلئے قومی ایئرلائن کا خصوصی طیارہ ہرارے روانہ

لاہور(اسپورٹس ڈیسک)زمبابوے کا دورہ مکمل ہونے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کی چارٹرڈ فلائٹ سے بدھ کو صبح دس بجے لاہور واپسی متوقع ہے اور پاکستانی کھلاڑیوں کو واپس لانے کیلئے قومی ایئرلائن کا خصوصی بوئنگ 777طیارہ ہرارے روانہ ہو گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق زمبابوے کیخلاف ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز میں کامیاب قومی کرکٹ ٹیم پی آئی اے کی چارٹرڈ پرواز پی کے 6721 کے ذریعے آج رات آٹھ بجے ہرارے سے وطن واپس روانہ ہو گی اور کل صبح دس بجے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر لینڈ کر جائے گی۔اسکواڈ میں شامل دو ارکان آل راؤنڈر محمد نواز اور فزیو کلف ڈیکن ہرارے سے براہ راست جنوبی افریقہ روانہ ہوں گے ۔ہیڈ کوچ مصباح الحق آج وطن واپسی سے قبل پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے تین بجے دوپہر پوسٹ سیریز ورچوئل میڈیا کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کیٹگری سی ممالک میں شامل زمبابوے سے قومی ٹیم کی وطن واپسی کیلئے خصوصی اجازت دیتے ہوئے این او سی بھی جاری کردیا ہے جس کیلئے کوویڈ کے تناظر میں درخواست پی سی بی نے متعلقہ حکام سے کی تھی اور اسی طرح سے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کھلاڑیوں کی وطن واپسی بھی ممکن بنائی گئی تھی۔یاد رہے کہ قومی کھلاڑیوں کو وطن واپسی پر اپنے گھروں پر سات سے دس روزہ قرنطینہ بھی کرنا ہوگا جس کے بعد وہ آزادی کے ساتھ کہیں بھی آنے یا جانے کیلئے آزاد ہوں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں