چیئرمین پی سی بی کی قومی کرکٹ ٹیم کو کامیابیوں پر مبارکباد
غلطیوں پر قابو پاکر آئندہ سیزن میں مزید بہتر کھیل پیش کرنے کی توقع ہے ،احسان مانی
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے پاکستانی پرستاروں کی جانب سے دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے میں کامیابی پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل قومی اسکواڈ نے متعدد مواقع پر بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم اب بھی کئی شعبوں میں بہتری کی گنجائش موجود ہے اور 2023 ء تک تمام طرز کی کرکٹ میں ٹاپ تھری پوزیشن کا حصول یقینی بنانے کیلئے مزید محنت درکار ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء کے دوران مسلسل چھ سیریز جیتنا ایک بڑی کامیابی اور اس بات کی عکاسی ہے کہ اعلیٰ سطح پر عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنا آسان نہیں ہے ۔احسان مانی کے مطابق ایک مرتبہ پھر دنیا کی بہترین ٹیم بننے اور کھیل کے معیار کو بڑھانے کی خاطر دنیا کی بہترین ٹیموں کیخلاف ان کی اپنی سرزمین پر کامیابیوں کی ضرورت ہے البتہ وہ شکرگزار ہیں کہ کوویڈ کی پابندیوں کے باوجود تمام قومی کھلاڑی کٹھن حالات کا بہادری سے مقابلہ کرتے رہے جن کیلئے طویل عرصے تک اپنے اہلخانہ اور دوستوں سے دور رہنا اور پھر عمدہ کارکردگی کیلئے وابستہ توقعات پر پورا اترنا آسان نہیں تھا۔احسان مانی کا کہنا تھا کہ وہ ان مشکل حالات میں قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے پر بہت خوش ہیں جس کی بدولت کرکٹ کا ایک سیزن تو مکمل ہوگیا تاہم دوسرے سیزن کا آغاز بھی جلد ہونے جارہا ہے جو مزید مشکل ہوگا تاہم توقع ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی غلطیوں پر قابو پاکرآئندہ سیزن میں مزید بہتر کھیل پیش کرے گی۔