گرین شرٹس کا زمبابوے کو وائٹ واش،ٹیسٹ ٹرافی بھی تھام لی
ہرارے ٹیسٹ میں زمبابوے کو اننگز اور 147 رنز سے شکست دے دی،فالو آن کے بعد میزبان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 231 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جونگوے 37 رنز کیساتھ نمایاں،نعمان اور شاہین کی پانچ، پانچ وکٹیں،عابد علی مرد میدان قرار پائے جبکہ حسن علی کو سیریز کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا
ہرارے (سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے ہرارے ٹیسٹ میں زمبابوے کو اننگز اور 147 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز کلین سویپ کر لی۔ فالو آن کے بعد میزبان ٹیم زمبابوے اپنی دوسری اننگز میں 231 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ لیوک جونگوے 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ عابد علی 215 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار پائے جبکہ حسن علی کو مجموعی طور پر 14 وکٹیں لینے پر سیریز کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ پیر کو ہرارے سپورٹس کلب میں ٹیسٹ کے چوتھے روز زمبابوے نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 220 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لئے 158 رنز درکار تھے مگر لیوک جونگوے اور بلیسنگ موزاربانی گزشتہ روز کے سکور میں 11 رنز کا اضافہ کر سکے ۔ لیوک جونگوے 37 رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ اس طرح زمبابوے کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 231 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح پاکستان نے یہ ٹیسٹ اننگز اور 147 رنز جیت کر دو میچوں کی سیریز کلین سویپ کر لی۔ نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ زمبابوین ٹیم پاکستان کی پہلی اننگز 510 رنز کے جواب میں 132 پر آؤٹ ہو گئی تھی اور اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے عابد علی نے ناقابل شکست 215 ، اظہر علی نے 126 اور نعمان علی نے 97 رنز بنائے تھے ۔ عابد علی کو میچ اور حسن علی کو سیریز کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ یاد رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 116 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔