سفری پابندیاں:پی ایس ایل کا یو اے ای میں بھی انعقاد مشکل

سفری پابندیاں:پی ایس ایل کا یو اے ای میں بھی انعقاد مشکل

دونوں ممالک میں عیدالفطر کی تعطیلات کے پیش نظر آج کسی حتمی فیصلے کا امکان

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)سفری پابندیوں کے باعث پی ایس ایل سیزن سکس کے باقی 20 میچوں کا یو اے ای میں انعقاد بھی مشکلات کا شکار دکھائی دے رہا ہے البتہ پی سی بی حکام پرامید ہیں کہ دونوں ممالک میں عیدالفطر کی تعطیلات کے پیش نظر آج کسی حتمی فیصلے کا امکان ہے جس کا انحصار امارات کی حکومت کی جانب سے اجازت پر ہے جس سے آئندہ ماہ دبئی اور ابوظہبی میں میچز کرانے کی درخواست کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ جون میں متحدہ عرب امارات میں پی ایس ایل کے باقی میچوں کا انعقاد بھی معدوم ہوتا دکھائی دے رہا ہے کیونکہ یو اے ای کی حکومت نے کوویڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث پاکستان ،سری لنکا،نیپال اور بنگلہ دیش کے مسافروں کی ملک میں آمد پر پابندی لگا دی ہے جس کا نفاذ 12 مئی سے ہوگا۔پی سی بی حکام کو توقع ہے کہ دونوں ممالک میں عیدالفطر کی تعطیلات کے باعث آج کوئی حتمی فیصلہ ہو سکتا ہے ورنہ دوسری صورت میں کراچی ہی واحد آپشن باقی رہ جائے گا لیکن وہ سابقہ تجربات کے پیش نظر کراچی یا پاکستان کے کسی شہر میں میچز کیلئے ہچکچاہٹ کا شکار ہیں جبکہ این سی او سی کی جانب سے بھی کراچی میں میچز نہ کرانے کی ہدایت آچکی ہے ۔اگر یو اے ای میں میچز نہ ہو سکے تو پھر سری لنکا آخری آپشن ہو سکتا ہے البتہ اس کیلئے لاجسٹکس سمیت کئی مسائل درپیش ہوں گے جبکہ حکومتی اجازت پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں