محمد عامر کا برطانوی پاسپورٹ پر آئی پی ایل کھیلنے کا پلان

محمد عامر کا برطانوی پاسپورٹ پر آئی پی ایل کھیلنے کا پلان

انگلش شہریت کے حصول کے بعد مستقبل کی صورتحال واضح ہوجائے گی،فاسٹ بالر

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)قومی فاسٹ بالر محمد عامر نے برطانوی پاسپورٹ پر آئی پی ایل کھیلنے کا پلان بنا لیا ہے البتہ ان کا کہنا ہے کہ انگلش شہریت کے حصول کے بعد مستقبل کی صورتحال واضح ہوجائے گی۔یاد رہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں دوسرے ایڈیشن کے بعد شرکت کی اجازت نہیں تاہم قومی آل راؤنڈر اظہر محمود واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے برطانوی شہریت حاصل کرنے کے بعد انگلش پلیئر کی حیثیت سے کنگز الیون پنجاب اور کولکتا نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کی تھی اور غیر معینہ مدت کیلئے برطانیہ منتقل ہونے والے محمد عامر بھی یہی پلاننگ کر رہے ہیں جن کا کہنا ہے کہ وہ ان دنوں اپنی کرکٹ کا بھرپور لطف اٹھا رہے ہیں اور ان کا ارادہ ہے کہ آئندہ چھ سے سات برس تک کرکٹ کھیلتے رہیں۔بائیں ہاتھ کے پیسر کا کہنا ہے کہ ان کے بچے انگلینڈ میں پرورش پائیں گے جن کی تعلیم کی وجہ سے انہیں بھی زیادہ وقت وہاں گزارنا ہوگا تاہم فی الوقت انہوں نے یہ نہیں سوچا ہے کہ آئندہ کیا امکانات اور مواقع ہوں گے اور صورتحال کیا ہوگی جب انہیں برطانوی شہریت مل جائے گی۔محمد عامر کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں کچھ بھی کرتے لیکن انہیں تنقید کا سامنا ہی رہتا حالانکہ انہوں نے پانچ سالہ وقفے کے بعد بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ کوئی اس بات کا اندازہ نہیں کر سکتا کہ اپنے پیارے وطن کیلئے کھیلنا ترک کردینا کتنا مشکل قدم ہوتا ہے مگر انہوں نے بہت سوچ سمجھ کر بہت سارے لوگوں کے مشوروں سے یہ فیصلہ کیا جس کی تفصیل میں جانا ٹھیک نہیں ہوگا۔محمد عامر قطعی نہیں چاہتے کہ جو سلوک ان کے ساتھ ہوا اس کا سامنا دوسرے نوجوان بھی کریں اور ان کی طرح بد دلی کے ساتھ کرکٹ کو خیرباد کہہ جائیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں