پاکستان سپر لیگ، سلطانوں کی کنگز کے تخت پر کامیاب چڑھائی
ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 12رنز سے شکست دیدی،بابراعظم آخر تک وکٹ پر موجود رہے ، وہ 63گیندوں پر 85رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز نے مقررہ 20اوورز میں 176رنز بنائے ،جواب میں کراچی کنگز 7وکٹ کے نقصان پر 164رنز ہی بناسکی
ابو ظہبی(سپورٹس ڈیسک)پی ایس ایل کے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 12 رنز سے شکست دیدی۔ ابوظہبی میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ کے 16ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 176 رنز بنائے جس کے جواب میں کراچی کنگز 7 وکٹ کے نقصان پر 164 رنز ہی بناسکی۔کراچی کنگز نے ہدف کے تعاقب میں انتہائی سست روی سے بیٹنگ کی جس کے باعث بلے باز دباؤ کا شکار رہے اور وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ شرجیل خان 4 رنز پر رن آؤٹ ہوئے اور مارٹن گپٹل 16 گیندوں پر صرف 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ نجیب اللہ زدران بھی 11 ہی رنز بناسکے ۔بابراعظم نے چیڈوک والٹن کے ساتھ ملکر 77 رنز کی اہم شراکت قائم کی، والٹن ایک اوور پہلے 35 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔ کراچی کنگز کو جیت کے لیے آخری اوور میں 23 رنز درکار تھے تاہم عمران خان نے زبردست باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تھیسارا پریرا اور عماد وسیم کو کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس بھیج دیا۔بابراعظم آخر تک وکٹ پر موجود رہے ، وہ 63 گیندوں پر 85 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے ۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عمران خان نے 3 اور عمران طاہر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ملتان سلطانز کی جانب سے رحمان اللہ اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم رحمان اللہ پہلے ہی اوور میں عماد وسیم کو وکٹ دے بیٹھے وہ صرف 3 رنز ہی بناسکے ۔صہیب مقصود نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 14 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیلی اور ریلی روسوو بھی 24 گیندوں پر 44 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان رضوان 29 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے ۔ خوشدل شاہ نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 44 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے ۔کراچی کنگز کی جانب سے تھیسارا پریرا نے 2، عماد وسیم اور وقاص مقصود نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔