مورگن ، بٹلر،اینڈرسن کی ٹویٹس بھی متعصبانہ ہونیکا شبہ
انگلش بورڈ حکام کے مطابق ہر کیس کی انفرادی طور پر تحقیق کی جائے گی
لندن (سپورٹس ڈیسک)مخصوص بھارتی کرکٹرز کو ‘‘سر ’’ کہہ کر مخاطب کرنا انگلینڈ کے آئن مورگن اور جوز بٹلر کو مہنگا پڑگیا، جیمز اینڈرسن کو بھی اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کرنی پڑ گئی ۔ برطانوی کرکٹ ٹیم کے کپتان آئن مورگن ، وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر اور فاسٹ بائولر جیمز اینڈرسن کی پرانی ٹویٹس بھی منظر عام پر آگئی ہیں جن پر متعصبانہ ہونے کا شبہ ہے ۔آئن مورگن اور جوز بٹلر نے شائقین کی انگریزی کا مذاق اڑایا۔جیمز اینڈرسن نے سٹورٹ براڈ کو ہم جنس پرست قرار دینے سے متعلق اپنی 11 سال پرانی ٹویٹ ڈیلیٹ کردی۔ انگلش بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ ہر کیس کی انفرادی طور پر تحقیق کی جائے گی۔ ٹیسٹ کپتان جو روٹ نے کہا ہے ہمیں چیزوں کا سامنا اور انہیں ٹھیک کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں انگلش ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ایجبسٹن میں شیڈول دوسرے ٹیسٹ سے قبل ایسی ٹی شرٹس پہننے کا فیصلہ کیا ہے جس پر نسلی امتیاز کے خلاف پیغامات درج ہوں گے ۔