پی سی بی کا ملکی کرکٹ کے ڈیٹا کو محفوظ بنانے کا فیصلہ

پی سی بی کا ملکی کرکٹ کے ڈیٹا کو محفوظ بنانے کا فیصلہ

کرکٹرز کی صحت سے متعلق غذائی حکمت عملی کیلئے معروف کمپنی سے معاہدہ

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پی سی بی نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ملک بھر میں ہونے والی کرکٹ کے مکمل ڈیٹا کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں محفوظ بنانے کا فیصلہ کرلیا جبکہ کھلاڑیوں کی صحت سے متعلق غذائی حکمت عملی کیلئے معروف کمپنی کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔پی سی بی کے پریس ریلیز کے مطابق ایک تجربہ کار سافٹ ویئر ادارے کی معاونت سے گراس روٹ لیول سے لے کر فرسٹ کلاس لیول تک کے ڈیٹا کو ڈیجیٹل انداز سے جمع کیا جائے گا جس سے نہ صرف سٹی بلکہ ایسوسی ایشن کے کوچز بھی استفادہ کر سکیں گے بلکہ کھلاڑیوں کے تیکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لینے کی غرض سے این ایچ پی سی کے کوچز اور سلیکٹرز کو بھی معاونت حاصل ہوتی رہے گی۔دوسری جانب نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر نے کھلاڑیوں کی صحت اور غذا سے متعلق مناسب حکمت عملی کی تیاری کیلئے معروف ادارے سے معاہدے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مختلف ٹورز پر قومی ٹیموں اور اس کے کھلاڑیوں کو ماہرین غذا کی مشاورت سے انفرادی طور پر ڈائیٹ پلان فراہم کئے جا سکیں۔ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پی سی بی ندیم خان کا کہنا ہے کہ وہ ڈیجیٹل اسکورنگ اور ڈیٹا محفوظ کرنے سمیت تمام تر سہولیات کو صرف نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر تک محدود کرنے کی بجائے ملک کے دیگر سینٹرز تک پھیلانا چاہتے ہیںتاکہ تمام کھلاڑیوں تک اس کے فوائد پہنچ سکیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں