زلمی پلے آف مرحلے، گلیڈی ایٹرز گھر کی جانب گامزن

زلمی پلے آف مرحلے، گلیڈی ایٹرز گھر کی جانب گامزن

فاتح ٹیم نے 5وکٹوں پر 197رنز بنائے ،کامران اکمل اورمردمیدان ڈیوڈ ملر کی نصف سنچریا ں،روومین پاؤل کے ناقابل تسخیر اورجارحانہ 43رنز ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 136رنز پرمحدود،61رنزسے شکست ،ایونٹ میں پانچویں بار ہارکا منہ دیکھنا پڑا، پشاور زلمی کی پوائنٹس ٹیبل پرتیسری پوزیشن

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی ایس ایل سیزن سکس میں پشاور زلمی کی پلے آف مرحلے کیلئے کامیاب پیش قدمی کا سلسلہ جاری ہے جس نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 61 رنز سے ہرا کر پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کرلی اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے گھر جانے کا بھی سامان کردیا جسے ایونٹ میں گزشتہ روز پانچویں بار ہارکا منہ دیکھنا پڑا۔شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے 19 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ سنبھالی تو یہ فیصلہ حیدرعلی کی صفر اور شعیب ملک کی دو رنز بنا کر واپسی سے بہتر محسوس ہوا لیکن اس کے بعد کامران اکمل اور ڈیوڈ ملر نے عمدگی سے بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچریوں کی تکمیل کے ساتھ حریف باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور صرف 73 بالز پر 125رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنا دی۔کامران اکمل نے 59 رنز جبکہ مین آف دی میچ ڈیوڈ ملر نے 73 رنز بنائے ، روومین پاول نے 19 گیندوں پر ناقابل شکست 43 رنزبناڈالے اور مجموعی سکور پانچ وکٹوں پر 197 رنز تک پہنچادیا ۔ سرفراز احمد الیون کی جوابی اننگز کا آغاز برا نہیں تھا جب فاف ڈو پلیسز کے کنکوشن متبادل صائم ایوب اور عثمان خان نے آٹھویں اوور تک 62 رنز کی شراکت قائم کر ڈالی مگر عثمان خان 28 رنز بنا کر رخصت ہوئے تو وکٹیں گرنا شروع ہو گئیں اور صائم ایوب کی 35 رنز بنا کر واپسی کے بعد کپتان سرفراز احم کو ہی ناقبل شکست 36 رنز بنانے کا موقع مل سکا اور ابتدائی چھ وکٹیں 85 رنز پر گنوانے والی ٹیم کا 136 رنز پر اختتام ہو گیا جو سات میچوں میں چھٹی ناکامی کے بعد پلے آف کیلئے رسائی سے کم و بیش محروم ہو چکی ہے ۔محمد عرفان نے تین جبکہ وہا ب ریاض اورعمیدآصف نے دو،دووکٹیں لیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں