23جولائی کو آغاز,افتتاحی تقریب کیلئے تمام نگاہیں اولمپک اسٹیڈیم پر مرکوز

23جولائی کو آغاز,افتتاحی تقریب کیلئے تمام نگاہیں اولمپک اسٹیڈیم پر مرکوز

مارچ پاسٹ کے دوران بیڈمنٹن کی کھلاڑی ماحور شہزاد اور شوٹر محمد خلیل سبز ہلالی پرچم تھامیں گے ،پاکستانی کھلاڑیوں کی مختلف مقابلوں میں شرکت کا شیڈول جاری جیولن تھرو میں ارشد ندیم 4اگست کو ایکشن میں ہوں گے ،تین سابق ہاکی پلیئرز گیم آپریشنز کا حصہ،پاکستانی کھلاڑیوں کی اولمپک ولیج میں نماز عیدالاضحی کی ادائیگی

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)ٹوکیو اولمپک گیمز کا 23 جولائی کو آغاز ہوگا تو تمام تر نگاہیں اسٹیڈیم پر مرکوز ہوں گی،مارچ پاسٹ کے دوران بیڈمنٹن کی کھلاڑی ماحور شہزاد اور شوٹر محمد خلیل سبز ہلالی پرچم تھامیں گے ،پاکستانی کھلاڑیوں کی مختلف مقابلوں میں شرکت کا شیدول جاری کردیا گیا جس کے مطابق جیولن تھرو میں ارشد ندیم چار اگست کو ایکشن میں دکھائی دیں گے ،تین سابق ہاکی پلیئرز بھی ایونٹ کے گیم آپریشنز کا حصہ ہوں گے ،گزشتہ روز پاکستانی کھلاڑیوں اور ایتھلیٹس نے اولمپک ولیج میں نماز عید الاضحی ادا کی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ برس کوویڈ 19کے باعث ملتوی ہونے والے اولمپک گیمز کا 23 جولائی سے آغاز ہوگا تو دنیا بھر کے کھیلوں کے شائقین کی نگاہیں اولمپک اسٹیڈیم پر مرکوز ہوں گی جہاں پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر چار بجے سے سات بجے تک رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا مگر تین گھنٹے پر مشتمل اس تقریب کے دوران کوویڈ کی وجہ سے لوگوں کی شرکت قدرے محدود رکھی جائے گی۔مارچ پاسٹ کے دوران پاکستان کا سبز ہلالی پرچم تھامنے کیلئے بیڈمنٹن کی کھلاڑی ماحور شہزاد اور شوٹر محمد خلیل کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں سے ماحور شہزاد ایونٹ میں شرکت کرنے والی اولین خاتون کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کریں گی۔منتظمین نے پاکستانی کھلاڑیوں کی مختلف مقابلوں میں شرکت کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق بیڈمنٹن کے خواتین مقابلوں کیلئے ماحور شہزاد کو گروپ ایل میں شامل کیا گیا ہے جہاں وہ پہلا میچ جاپان کی اکانی یاماگوچی کیخلاف 24 جولائی کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح پانچ بجے اور دوسرا میچ صبح دس بجے برطانوی حریف کرسٹی گلمور کیخلاف کھیلیں گی۔جوڈو کے مقابلوں میں شاہ حسین شاہ کی پہلی آزمائش 29 جولائی کو ہوگی جبکہ اولمپک میڈل کیلئے پاکستان کی سب سے روشن امید ارشد ندیم چار اگست کو جیولن تھرو مقابلوں کے پہلے مرحلے میں شریک ہوں گے جبکہ دوسرے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنے کی صورت میں وہ سات اگست کو میڈل کے حصول کی خاطر میدان سنبھالنا ہوگا۔خاتون ایتھلیٹ نجمہ پروین دو سو میٹرز ریس میں پہلی مرتبہ 2 اگست کواپنی صلاحیتوں کا امتحان دیں گی جبکہ 24 جولائی کو دس میٹرز ایئر پسٹل شوٹنگ مقابلے کے دوران گلفام جوزف پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور یکم اگست کو پرچم بردار شوٹر محمد خلیل کے ساتھ جی ایم بشیر 25 میٹرز ریپڈ فائر مقابلوں میں قسمت آزمائی کریں گے ۔پیراکی کے مقابلوں میں حسیب طارق کی اولین آزمائش 27 جولائی کو سو میٹرز فری اسٹائل ہیٹ میں ہوگی جہاں کامیابی کی صورت میں انہیں اگلے ہی روز سیمی فائنل کا سخت چیلنج درپیش ہوگا جبکہ کامیاب پیشقدمی کے بعد وہ 29 جولائی کو فیصلہ کن معرکے میں بھی شرکت یقینی بنا سکیں گے ۔ویٹ لفٹر طلحہ طالب کا پہلا امتحان 25جولائی کو شیڈول ہے جو کامیابی کی صورت میں اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کر جائیں گے۔ اولمپکس میں ہاکی کا ایونٹ 24 جولائی کو شروع ہوگا تو اس میں پاکستانی ٹیم شامل نہیں ہوگی جو اہم مقابلوں کیلئے کوالیفائی نہیں کر سکی لیکن تین سابق کھلاڑی طاہر زمان،زاہد علی اور غلام غوث ہاکی کے گیم آپریشنز کا حصہ ہوں گے جن کو ایشین ہاکی فیڈریشن کی جانب سے خدمات کی انجام دہی کا موقع دیا گیا ہے تاہم طاہرزمان پہلے بھی اولمپکس میں شرکت کا اعزاز رکھتے ہیں مگر زاہد علی اور غلام غوث پہلی مرتبہ اس اعزاز کو حاصل کریں گے ۔دوسری جانب گزشتہ روز ٹوکیو اولمپکس میں شریک پاکستانی کھلاڑیوں اور ایتھلیٹس نے اولمپ ولیج میں دیگر مسلم ممالک کے دستوں کے ساتھ نماز عیدالاضحی کی ادائیگی کے بعد ایک دوسرے سے گلے مل کر مبارکباد دی اور تصاویر بھی بنوائیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں