ٹوکیواولمپکس2020میڈلزپرقابض کم عمر ترین ایتھلیٹس نے رنگ جما دیا

ٹوکیواولمپکس2020میڈلزپرقابض کم عمر ترین ایتھلیٹس نے رنگ جما دیا

ویمنز اسٹریٹ اسکیٹ بورڈنگ میں 13سالہ جاپانی نشیا موم جی کا اولین طلائی اور برازیل کی ریسا لیال کا چاندی کا تمغہ،آرچری میں جنوبی کوریا کا مسلسل پانچواں میڈل ہائیڈیلین ڈیاز نے فلپائن کو ویٹ لفٹنگ میں پہلا میڈل دلادیا،فینسنگ میں چیونگ کالونگ کا ہانگ کانگ اورسائیکلنگ میں برطانیہ کے تھامس پیڈکاک کاطلائی تمغہ

ٹوکیو (اسپورٹس ڈیسک) ٹوکیو اولمپکس دو ہزار بیس کے تیسرے روز مقابلوں کی کم عمر ترین ایتھلیٹس نے رنگ جما دیا جب جاپان کی 13سالہ ایتھلیٹ نشیا مومی جی نے ویمنز اسٹریٹ اسکیٹ بورڈنگ مقابلوں میں پندرہ اعشاریہ دو چھ اسکور کی بدولت اولین طلائی تمغہ جیت لیا اور اس اعزاز کی مالک کم عمر ترین گولڈ میڈلسٹ قرار پائیں جبکہ اولمپکس میں شریک دوسری کم عمر ترین ایتھلیٹ برازیل کی تیرہ سالہ ریسا لیال نے بھی سلور میڈل جیت کر نئی تاریخ رقم کردی۔ٹرائی ایتھلون کے مینز انفرادی مقابلے میں کرسچین بلومین فلٹ نے گولڈ میڈل کی بدولت ناروے کو میڈل ٹیبل پر جگہ دلادی۔آرچری کے مینز ٹیم ایونٹ فائنل میں جنوبی کوریا نے تائیوان کو چھ، صفر سے ہرا کر اپنی کامیابیوں کا تسلسل جاری رکھا کیونکہ سڈنی اولمپکس سے لے کر اب تک یہ اس کا آرچری میں پانچواں طلائی تمغہ ہے ۔ویمنز ویٹ لفٹنگ میں 30 سالہ ہائیڈیلین ڈیاز نے 55 کلوگرام کیٹگری میں 224 کلوگرام وزن اٹھا کر فلپائن کو پہلی مرتبہ گولڈ میڈل کا مالک بنا دیا۔ ٹیبل ٹینس کے مکسڈ ڈبلز فائنل میں جاپانی جوڑی میزو ٹانی جون اور آئٹو میما نے زو زین اور لیو شیون کو حیران کن طور پرچار، تین سے ٹھکانے لگا کر طلائی تمغے کے سہارے مضبوط حریف چین کا تسلط ختم کر ڈالا جبکہ تائیوان کی جوڑی چینگ چانگ اور جو لنیون نے برانز میڈل جیتا۔بینجمن سوسیک کی کامیابی کی بدولت سلووینیا پہلی مرتبہ مینز سی ون کینوئے سلالوم میں طلائی تمغہ جیتا جبکہ جمہوریہ چیک نے سلور اور جرمنی نے برانز میڈل حاصل کیا۔امریکی نشانے باز ونسنٹ ہین کوک نے مینز انفرادی اسکیٹ شوٹنگ فائنل میں 59 اسکور کی بدولت نو سالہ عرصے میں تیسرا طلائی تمغہ جیت کر نیا اولمپک ریکارڈ بھی قائم کردیا۔ویمن اسکیٹ فائنل میں امریکی شوٹر امبر انگلش 56 پوائنٹس کے ساتھ گولڈ جبکہ اٹلی کی ڈیانا باکوسی چاندی اور چین کی مینگ وائی کانسی کا تمغہ جیت گئیں۔ چیونگ کالونگ نے اطالوی دفاعی چیمپئن ڈینیئلی گاروزو کو مینز انفرادی فوئل فائنل میں پندرہ، دس سے ہرا کر فینسنگ میں ہانگ کانگ کیلئے پہلا گولڈ میڈل یقینی بنایا جبکہ جمہوریہ چیک کے الیگزینڈر چوپی نیچ برانز میڈل جیت گئے ۔ ویمن سبری انفرادی فائنل فائٹ میں دو مرتبہ کی ورلڈ چیمپئن اور روسی اولمپک کمیٹی کی صوفیا پوزنیاکووا نے ساتھی ایتھلیٹ صوفیا ولی کایا کو پندرہ، گیارہ سے قابو کر کے پہلی مرتبہ طلائی تمغہ وصول کیا اور فرنچ ایتھلیٹ مانون برونیٹ کو برانز میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔ماؤنٹین سائیکلنگ کے مینز کراس کنٹری ایونٹ میں برطانوی سائیکلسٹ تھامس پیڈکاک گولڈ، سوئٹزر لینڈ کے میتھائس فلوک کیگر سلور اور اسپین کے ڈیوڈ سرانو ولیرو برانز میڈل جیتے تو آرٹسٹک جمناسٹکس کے مینز ٹیم ایونٹ فائنل میں روسی اولمپک کمیٹی گولڈ، جاپان سلور اور چین نے برانز میڈل جیتا۔جوڈو کے ویمن 57کلو گرام فائنل میں کوسوو کی نورا جاکووا نے فرنچ حریف سارا لیونے سائسیک کو دس ، صفر سے ہرا کرطلائی تمغہ جیتا، مینز 73کلو گرام کیٹگری میں جاپان کے شوہی اونو طلائی تمغہ جیتے ۔تائی کوانڈو کے ویمن 67کلو گرام فائنل میں کروشیا کی میٹیا جیلچ نے برطانوی حریف لورین ولیمز کو چوبیس ،اکیس سے ٹھکانے لگا کر گولڈ میڈل کی بدولت نئی تاریخ رقم کی۔ مینز 80کلو گرام فائنل میں اردن کے صالح الشرابتی گولڈ، روسی اولمپک کمیٹی کے میکسم خرامٹوف سلور جبکہ کروشیا کے ٹونی کنائٹ برانز میڈل پر قابض ہوئے ۔سوئمنگ کے ویمن سو میٹرز بٹر فلائی فائنل میں کینیڈین پیراک مارگریٹ میک نیل نے 55 اعشاریہ پانچ نو سیکنڈز کی بدولت پہلی پوزیشن یقینی بنائی۔ چینی سوئمر یوفائی زینگ نے سلور اور آسٹریلیا کی ایما میک کیون نے برانز میڈل پایا۔ مینز سو میٹرز بریسٹ اسٹروک میں انگلینڈ کے ایڈم پیٹی کو طلائی تمغہ مل گیا،ہالینڈ کے ارنو کمنگا نے سلور اور اٹلی کے نکولو مارٹن نیگی نے برانز میڈل جیتا۔ ویمن چار سو میٹرز فری اسٹائل فائنل میں آسٹریلیا کی آریارنے ٹٹمس نے گولڈ میڈل جیتا ۔ مینز چار ضرب سو میٹرز فری اسٹائل ٹیم ریلے فائنل میں امریکا پر قسمت مہربان رہی،اٹلی نے سلور اور آسٹریلیا نے برانز میڈل جیتا۔ڈائیونگ میں برطانوی پیراک ٹام ڈیلے اور میٹی لی نے 471اعشاریہ آٹھ ایک پوائنٹس کی بدولت مینز سنکرونائزڈ دس میٹرز پلیٹ فارم مقابلے میں اپنے ملک کو پہلا گولڈ میڈل دلادیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں