حسن علی تینوں فارمیٹ میں مستند آل راؤنڈربننے کے خواہشمند

حسن علی تینوں فارمیٹ میں مستند آل راؤنڈربننے کے خواہشمند

وسیم ، رزاق اور اظہر جیسا آل راؤنڈر بننے کی خواہش ،نیٹ میں ڈیتھ اوورز میں پاور ہٹنگ کی مشق کرتا ہوں کیربین ٹور کے دوران بہترین باؤلنگ اور پار ہٹنگ کرنے کی کوشش کریں گے ،قومی فاسٹ باؤلر کی گفتگو

لاہور(سپورٹس ڈیسک)فاسٹ باؤلنگ اورحال ہی میں بیٹنگ کے دوران اپنی پاور ہٹنگ صلاحیتوں سے شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بننے والے 27 سالہ قومی کرکٹرحسن علی کا کہنا ہے کہ وہ تینوں طرز کی کرکٹ میں ایک مستند آل راؤنڈر بننا چاہتے ہیں اور اس ضمن میں وہ نیٹ پریکٹس کے دوران اپنی باؤلنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ حسن علی کا کہنا ہے کہ وہ وسیم اکرم، عبدالرزاق اور اظہر محمود جیسا آل راؤنڈر کرکٹر بننے کے خواہشمند ہیں۔ بیٹنگ آرڈر کی وجہ سے انہیں ٹی ٹونٹی کرکٹ میں عموماً ڈیتھ اوورز میں بیٹنگ کا موقع ملتا ہے ، لہذا وہ نیٹ سیشنز میں ان ڈیتھ اوورز میں پاور ہٹنگ کی خصوصی مشق کررہے ہیں۔ کوشش کرتے ہیں کہ یارکرز، سلو ر ونز اور باؤنسرز کو باؤنڈری لائن کے باہر بھجوانے کی اچھی پریکٹس ملے ۔ حسن علی کا کہنا ہے کہ محدود طرز کی کرکٹ میں باؤلنگ کے دوران ویری ایشنز کا بہتر استعمال بہت اہمیت اختیار کرچکا ہے ۔ حسن علی کا کہنا ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں بہتر کارکردگی کے لئے پرامید ہیں۔ اگر ان کی ایک اچھی گیند یا ایک اچھی شاٹ سے ٹیم کو فائدہ ہوسکتا ہے تو ان کیلئے یہی بڑی کامیابی ہے ، لہذا وہ کیربین ٹور کے دوران بہترین باؤلنگ اور پار ہٹنگ کرنے کی کوشش کریں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں