ویٹ لفٹر طلحہٰ طالب حوصلہ افزائی پر قوم کے شکر گزار
بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جاتیں تو زیادہ بہتر نتائج آتے ،قومی ایتھلیٹ
ٹوکیو (اسپورٹس ڈیسک) قومی ویٹ لفٹر طلحہٰ طالب نے اولمپک گیمز میں شاندار کارکردگی پر حوصلہ افزائی کرنے پر قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں مقابل حریفوں کی طرح بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جاتیں تو زیادہ بہتر نتائج آتے ۔قومی ویٹ لفٹر کا کہنا تھا کہ دعاؤں کے بغیر یہ سفر ممکن نہیں تھا تاہم وہ صرف دو کلو گرام کے فرق سے میڈل نہیں جیت سکے اور پانچویں پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا کیونکہ مخالف کھلاڑیوں نے جو کارکردگی دکھا ئی اس کی وجہ انہیں دستیاب سہولیات بھی تھیں جو انہیں فراہم کی جاتیں تو مقابلے میں فرق اتنا بڑا نہیں تھا تاہم جیت جاتے تو آج پورا ملک میڈل جیتنے کا جشن منا رہا ہوتا۔ مستقبل میں اور زیادہ محنت کرکے میڈل جیتنے کیلئے پرامید طلحہٰ طالب کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کی دعاؤں کے بغیر ان کیلئے یہ سفر ممکن نہ تھا لہٰذا جن لوگوں نے سپورٹ کیا وہ ان کے شکرگزار ہیں۔ یاد رہے کہ انہوں نے رواں سال ایشین ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیتا جس کے بعد انہیں ٹوکیو اولمپکس میں وائلڈ کارڈ پر شرکت کیلئے منتخب کیا گیا اور انہوں نے پانچویں پوزیشن حاصل کرکے اپنا انتخاب درست ثابت کر دکھایا جس پر جاپان میں موجود پاکستان کے سفیرامتیاز احمد نے انہیں تعریفی سند بھی دی ہے ۔