دورہ ویسٹ انڈیز,آج پہلا ٹی ٹونٹی,کپتان کی حکمت عملی تیار
ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز بہت اہم ،اپنی بینچ سٹرنتھ بھی چیک کریں گے تاکہ کمبی نیشن بناسکیں، غلطیوں کو نہیں دہرانا ،تمام کھلاڑیوں کو اعتماد دینا ہے فیلڈنگ پر بہت کام کیا ہے ، اچھی کرکٹ کھیلیں گے ، کسے کھلانا ہے اس کا فیصلہ تقریباً کر چکے ،کنڈیشنز مختلف،کوشش ہے سب کو متواتر مواقع ملیں،بابر
برج ٹاؤن(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے ٹیم میں تبدیلیوں کا اشارہ دے دیا۔ برج ٹاؤن میں آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ سیریز بہت اہم ہے ۔انھوں نے کہا کہ ہم اپنی بینچ سٹرنتھ بھی چیک کریں گے تاکہ کمبی نیشن بناسکیں، ورلڈ کپ سے قبل ہمیں اپنا کمبی نیشن دیکھنا ہے ۔کپتان قومی کرکٹ ٹیم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں پہلے والی غلطیوں کو نہیں دہرانا اور ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں کو اعتماد دینا ہے ۔اپنی انفرادی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کوشش کرتا ہوں کہ ذمے داری کے ساتھ کھیلوں، ہر میچ میں توقعات پر پورا اترنے کی کوشش ہوتی ہے ۔ویسٹ انڈیز سیریز پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فیلڈنگ پر بہت کام کیا ہے ، اچھی کرکٹ کھیلیں گے ، کسے کھلانا ہے اس کا فیصلہ تقریباً کر چکے ہیں۔کپتان قومی کرکٹ ٹیم کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز میں کنڈیشنز مختلف ہیں کوشش ہے سب کو متواتر مواقع ملیں۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین چار ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز آج کنگسٹن اوول برج ٹاؤن سے ہوگا۔میچ پاکستانی وقت کیمطابق شام 7 بجے شروع ہو گا۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے مابین 5 مرتبہ دوطرفہ ٹی ٹونٹی بین الاقوامی سیریز کھیلی جا چکی ہیں، جہاں 4 سیریز میں پاکستان اور صرف ایک میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کے مابین کل 14 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جاچکے ہیں، جہاں 11 میں پاکستان اور 3 میں ویسٹ انڈیز نے فتح حاصل کی۔ اس دوران ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے 7 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں سے 5 پاکستان اور 2 ویسٹ انڈیز نے جیتے ۔آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی ٹیم رینکنگ میں مہمان پاکستان261 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور میزبان ویسٹ انڈیز 235 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہے تاہم سیریزمیں وائٹ واش کی صورت میں پاکستان کے پوائنٹس کی تعداد 263 ہوجائے گی اور پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن تیسری ہوجائے گی۔