ون ڈے رینکنگ میں بابر اعظم کا راج برقرار، کوئی پاکستانی باؤلر ٹاپ ٹین میں جگہ نہ بنا سکا
ویرات کوہلی دوسری، روہت شرما تیسری جبکہ نیوزی لینڈ کے روز ٹیلر چوتھی پوزیشن پر براجمان،باؤلرز رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کا پہلا نمبر ، ٹی ٹونٹی رینکنگ میں قومی کپتان دوسرے نمبر پر موجود اس کے علاوہ کوئی قومی کھلاڑی ٹاپ ٹین میں شامل نہیں،باؤلرز رینکنگ میں تبریز کی پہلی پوزیشن
دبئی(سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھلاڑیوں کی نئی درجہ بندی جاری کردی ہے ۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ایک روزہ، ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی نئی درجہ بندی جاری کی، ون ڈے رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔بھارت کے ویرات کوہلی دوسری، روہت شرما تیسری جبکہ نیوزی لینڈ کے روز ٹیلر چوتھی پوزیشن پر براجمان ہیں، آسٹریلیا کے آرون فنچ پانچویں، انگلینڈ کے جونی بیئرسٹو چھٹے ، ڈیوڈ وارنر ساتویں، کوئنٹن ڈی کوک آٹھویں ،شائی ہوپ نویں جبکہ کین ولیمسن دسویں نمبر پر موجود ہیں۔آئی سی سی کی جانب سے ون ڈے فارمیٹ کی باؤلرز رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پہلے نمبر پر براجمان ہیں، پاکستان کا کوئی بھی فاسٹ باؤلر اس بار بھی ٹاپ ٹین میں جگہ نہ بناسکا۔باؤلرز کی ٹاپ ٹین رینکنگ میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کے دو، دو جبکہ جنوبی افریقہ، انگلینڈ ، بنگلا دیش اور افغانستان کا ایک ایک باؤلر شامل ہے ۔آل راؤنڈر کی نئی درجہ بندی میں بنگلا دیش کے شکیب الحسن پہلے نمبر پر موجود ہیں، پاکستان کے آل راؤنڈر اور کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم ٹاپ ٹین میں شامل ہیں، آل راؤنڈر رینکنگ میں ان کا نمبر آٹھ ہے ۔آئی سی سی کی جانب سے ٹی ٹونٹی رینکنگ میں انگلینڈ کے ڈیوڈ میلان کا پہلا نمبر ہے جبکہ کپتان بابراعظم دوسرے نمبر پر موجود ہیں، اس کے علاوہ کوئی بھی قومی کھلاڑی ٹاپ ٹین میں جگہ نہ بناسکا۔مختصر فارمیٹ کی باؤلرز رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی کا پہلا نمبر ہے جبکہ سری لنکا کے وینڈو ڈی سلوا لمبی چھلانگ مارتے ہوئے دوسرے نمبر پر جاپہنچے ، پاکستان کا کوئی بھی باؤلر ٹاپ ٹین میں موجود نہیں۔