ایک ٹی ٹونٹی میچ کم کرنا قابل افسوس:کامران اکمل
پاکستان کا عالمی کرکٹ میں ایک مقام، مینجمنٹ کو سوچنا چاہیے ، بلے باز
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک)قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے پاکستان کا ایک ٹی ٹونٹی میچ کم کرکے بہتر فیصلہ نہیں کیا، پاکستان کا ورلڈ کرکٹ میں ایک مقام ہے ۔ کامران اکمل نے کہا کہ پہلے ایک ٹیسٹ میچ کم کرکے 5 ٹی ٹونٹی میچز کردئیے گئے اور اب ایک ٹی ٹونٹی میچ کم کردیا گیا ہے جو قابل قبول نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی مینجمنٹ کو سوچنا چاہیے ، پاکستان کا عالمی کرکٹ میں ایک مقام ہے ۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف جیت کر اپنا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بہت زبردست ہے ، انہوں نے آسٹریلیا کو ٹی ٹونٹی سیریز میں شکست سے دوچار کیا ہے ۔ بارباڈوس میں سپنرز اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ شاداب خان نے اپنا شاندار ڈیبیو ویسٹ انڈیز میں کیا تھا، انہیں اپنی کارکردگی کو دہرانا ہوگا۔ عثمان قادر ورلڈ کلاس سپنر ہیں، انہیں اپنے اوپر اعتماد کی ضرورت ہے ۔ عماد وسیم بھی ایسی وکٹ پر خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔