پاکستان اور ویسٹ انڈیز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ بارش کی نذر

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ بارش کی نذر

9 اوورز تک محدود مقابلہ میزبان ٹیم کی بیٹنگ تک محدود رہا،کیربین نے پانچ وکٹوں پر85 رنز بنائے ، قومی ٹیم نے فاسٹ باؤلر محمد وسیم جونیئر کو کیپ دینے کے علاوہ شرجیل کو بھی حتمی الیون کا حصہ بنایا

برج ٹاؤن(سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان چار ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا پہلا معرکہ بارش کی نذر ہو گیا اور 9 اوورز فی ٹیم تک محدود ہونے والا مقابلہ میزبان ٹیم کی بیٹنگ تک ہی محدود رہا۔کنسنگٹن اوول میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرنے والی پاکستانی ٹیم نے فاسٹ باؤلر محمد وسیم جونیئر کو کیپ دینے کے علاوہ شرجیل خان کو بھی حتمی الیون کا حصہ بنایا مگر گرین شرٹس کو اسی وقت میدان میں اترنے کا موقع ملا جب خراب موسم کے سبب ضائع ہونے وقت کے سبب میچ کو 9 اوورز فی ٹیم تک محدود کردیا گیا تھا۔دوسرے ہی اوور میں محمد وسیم کی شارٹ بال گردن کے پچھلے حصے میں لگنے پر لینڈل سمنز 9 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے جبکہ چھ رنز بنانے والے ایون لوئس کو شاہین آفریدی نے چلتا کیا تو نکولس پوران نے 13رنز میں محمد حفیظ کو دو چھکے لگا کر انہیں اپنی وکٹ کا تحفہ دے دیا اور آندرے رسل کو سات رنز پر عثمان قادر نے چلتا کیا۔محمد وسیم نے کرس گیل کو اپنا اولین شکار بنایا جو سات رنز بنا سکے اور شیمرون ہٹمائر بھی پانچ رنز پر حسن علی کا دوسرا شکار بنے تو ویسٹ انڈیز کی پانچ وکٹیں 71 رنز پر گر چکی تھیں لیکن کائیرون پولارڈ نے دو چھکوں سمیت 9 گیندوں پر ناقابل شکست 22 اور جیسن ہولڈر نے دو رنز کے ساتھ مجموعی سکور پانچ وکٹوں پر 85 رنز تک پہنچا دیا مگر ایک بار پھر شروع ہونے والی بارش نے پاکستانی ٹیم کو بلانتیجہ میچ میں بیٹنگ سے محروم رکھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں